حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اگر حالات مزید خراب ہوئے تو فوج کو آنا پڑے گا، شیخ رشید

ویب ڈیسک  اتوار 31 اگست 2014
حکومتی پالیسیوں کے ستائے عوام صبح حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے، شییخ رشید احمد فوٹو: فائل

حکومتی پالیسیوں کے ستائے عوام صبح حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے، شییخ رشید احمد فوٹو: فائل

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پرامن مظاہرین پر ریاستی طاقت کا استعمال قابل مذمت ہے اوراگرحالات مزید خراب ہوگئے تو فوج کو ہی بلانا پڑے گا۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں کو ریاستی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اپنے لئے مسائل پیدا کردیئے ہیں، امریکا اور برطانیہ میں بھی وزیراعظم اور ایوان صدر کے باہر احتجاج ہوتا ہے، اگر مظاہرین کی جانب سے پرامن احتجاج کیا جارہا تھا تو انہیں تشدد کا نشانہ بنانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں اور حکومتی پالیسیوں کے ستائے عوام صبح حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے ۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی میں فوج کے حوالے سے غلط بیانی سے کام لیا، وزیراعظم نے کہا کہ آرمی چیف کا چوہدری نثارعلی  کی موجودگی میں فون آیا اور انہوں نے عمران خان اور طاہرالقادری سے ملنے کا کہا جس کے بعد آئی ایس پی آر نے واضح کردیا کہ حکومت نے خود آرمی چیف کو معاملے کے حل کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی اس غلط بیانی کے بعد انہیں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر رہنے کا جواز نہیں بنتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔