موجودہ صورتحال پر حکومت کا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منگل کو بلانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  اتوار 31 اگست 2014
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تجویز اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے دی جس سے وزیراعظم نے اتفاق کرلیا، فوٹو:فائل

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تجویز اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے دی جس سے وزیراعظم نے اتفاق کرلیا، فوٹو:فائل

اسلام آباد: اسلام آباد کی سنگین صورتحال پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے لئے حکومت نے منگل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سمیت دیگر حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر موجودہ کشیدہ سیاسی صورتحال پر قائد حزب اختلاف نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تجویز دی جس سے وزیراعظم نے اتفاق کرتے ہوئے منگل کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف کی جانب سے پارلیمنٹ پرحملہ غیر آئینی اورغیر جمہوری اقدام تھا جس کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ حکومت نے مسئلے کے حل کے لئے مذاکرات کا راستہ اختیارکیا، اسلام آباد میں دھرنے دینے والے غیر جمہوری انداز چھوڑ کر آئینی طریقہ کار اختیار کریں۔ اس موقع پر پولیس کے ہاتھوں میڈیا کے نمائندوں پر تشدد کی بھی شدید مذمت کی گئی جبکہ وزیراعظم نے وزیر اطلاعات پرویز رشید کو ہدایت کی کہ متاثرہ صحافیوں کی فوری طور پر مدد کی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔