پاکستانی ویمنز ٹیم ناکامیوں کا حصار نہیں توڑ پائی

اسپورٹس ڈیسک  پير 1 ستمبر 2014
آسٹریلیا نے دوسرے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں بھی 63 رنز سے ہرادیا، میزبان سائیڈ کو چار میچز کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری مل گئی، تیسرا میچ بدھ کو شیڈول۔  فوٹو: فائل

آسٹریلیا نے دوسرے ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں بھی 63 رنز سے ہرادیا، میزبان سائیڈ کو چار میچز کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل شکست برتری مل گئی، تیسرا میچ بدھ کو شیڈول۔ فوٹو: فائل

گولڈ کوسٹ: پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم ناکامیوں کا حصار نہیں توڑ پائی، ٹی20 ویمنز کرکٹ سیریز کے دوسرے مقابلے میں بھی آسٹریلیا نے 63 رنز سے شکست دے دی۔

میزبان اوپنر ڈیلیسا کیمنس نے 48 گیندوں پر 43 کی اننگز کھیلی، الیسا ویلینی نے 31رنزبنائے، فتح کیلیے150رنزکا ہدف پانے والی قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 86 رنز بناپائی، نین عابدی نے سب سے زیادہ21 رنز بنائے،کپتان ثنامیر16رنز بنانے میں کامیاب رہیں،رینی فیرل اور سارہ کوئٹ نے 2،2 پلیئرزکو پویلین واپس چلتا کیا، سیریز کا تیسرا مقابلہ بدھ کو شیڈول ہے۔

تفصیلات کے مطابق چار میچز پر مشتمل ویمنزٹی20 سیریزکے دوسرے مقابلے میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 63 رنز سے شکست دے دی،اس طرح میزبان ٹیم کو 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہوگئی، فتح کیلیے 150 رنز کا تعاقب کرنیو الی قومی ٹیم ابتدائی 10 اوورز میں 46 پر 4 وکٹیں گنواکر مشکلات میں گھر گئی، ٹاپ آرڈر پلیئرز کو میزبان بولر سارہ کوئٹ، اسپنر ایرن اوسبرن اور ڈیلیسا کیمنس نے ٹھکانے لگایا، اوپنر مرینہ اقبال 5 کو کیمنس نے پیری کا کیچ بنوایا۔

ٹاپ اسکورر نین عابدی 21 رنز بنانے کے بعد اوسبرن کی گھومتی ہوئی گیند پر فیرل کے ہاتھوں جکڑی گئیں، ون ڈاؤن عالیہ ریاض 7 کو کوئٹ کی گیند پر الیسا ہیلی نے اسٹمپڈ کردیا، کوئٹ نے ہی بسمہ معروف کو صفر کی خفت سے دوچار کیا، ندا ڈار 9 گیندوں پر 7 رنز بناکر میگان شوٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں، ثنا میر 24 گیندوں پر 16رنز بنانے کے بعد فیرل اور لیننگ کے گٹھ جوڑ کا شکار بنیں۔

اسماویہ اقبال 4، قنیطہ جلیل 7 اور ثانیہ خان4رنز کی مہمان ثابت ہوئیں، سدرہ نواز 2 پر ناٹ آؤٹ رہیں، اس سے قبل ٹاس جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 149 کا چیلنجنگ اسکور پاکستان کیلیے اسکور بورڈ پر سجایا، ڈیلیسا کیمنس نے 48 گیندوں پر 43 رنزبنائے، انھوں نے الیسیا ویلینی کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلیے 52 رنز کی شراکت بھی بنی۔

ویلینی نے اس مرتبہ 24 گیندوں پر 31 رنز بٹورے، ون ڈاؤن میگ لیننگ بھی 15 گیندوں پر 22 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، الیسی پیری نے 16 رنز اسکور کیے، وکٹ کیپر بیٹسویمن الیسا ہیلی کے 26 رنز ناقابل شکست رنز بھی میزبان ٹیم کیلیے فائدہ مند رہے، انھوں نے 16 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکے بھی جڑے، ثانیہ خان اور اسماویہ اقبال نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔