یو ایس اوپن میں بوچارڈ اور سرینا نے پری کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  پير 1 ستمبر 2014

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

نیویارک: ایوگینی بوچارڈ، سرینا ولیمز اورسارا ایرانی نے پری کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے۔

ورلڈ نمبرون سرینا نے ٹائٹل جیتنے کی امریکی امیدوں کو روشن رکھا، کیریئر کی 18ویں ٹرافی جیت کر ہوم ایونٹ میں فتوحات کی ہیٹ ٹرک بنانے کیلیے بھی پرعزم ، وکٹوریا آذرنیکانے الینا ویسنینا کو قابو کرلیا، مینز سنگلز میں برطانوی اسٹار  اینڈی مرے  تیسری آزمائش میں سرخرو ہوگئے، آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا  کو واک اوور مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق سیزن کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلم یوایس اوپن میں پانچ مرتبہ کی چیمپئن سرینا ولیمز نے امریکی امیدوں کو روشن کررکھا ہے، انھوں نے تیسرے مرحلے میں ہموطن وارویرا لیپچنکو کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-3 سے ٹھکانے لگادیا، سرینا نے ایونٹ میں 75ویں کامیابی کو اپنا مقدر بنایا، کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کیلیے اب ورلڈ نمبرون پلیئر اسٹونیا کی کائیا کنیپی کا سامنا کریں گی، جنھوں نے اس مرحلے پر کارلا سواریز نیوارو کو 7-5 اور 6-0 سے ٹھکانے لگایا۔

کیریئر میں 15ویں مرتبہ یوایس اوپن میں شریک سرینا لگاتار تیسری مرتبہ ٹائٹل جینے والی دوسری پلیئر بننے کا عزم رکھتی ہیں، ان سے قبل 1970 کی دہائی میں کرس ایورٹ نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا، 7 سیڈ کینیڈین اسٹار ایوگینی بوچارڈ نے باربورا زالووا اسٹرائیکوا کو 6-2 ، 6-7 (2/7) اور6-4 سے کامیابی حاصل کرلی، وکٹوریا آذرنیکا  نے روس کی الینا ویسنینا کو 6-1 اور6-1 سے قابو کرلیا، کیسی ڈیلوکا نے کیرولینا پلسکووا کیخلاف 6-3 ، 3-6 اور6-4 سے فتح سمیٹی، ایکٹرینا ماکارووا نے قازقستان کی زرینہ ڈیاس کو 6-2 اور6-4 سے واپسی کا پروانہ تھمادیا۔

اطالوی کھلاڑی سارا ایرانی نے سربیا کی مرجینا لوسیک کو 6-3، 2-6 اور6-0 سے ہرادیا۔مینز سنگلز میں اینڈی مرے نے تیسرے راؤنڈ میں روسی پلیئر آندرے کوزینٹسوف نے 6-1 ، 7-5، 4-6 اور6-2 سے پچھاڑ کر کوارٹر فائنل میں جوکووک سے ممکنہ ٹکراؤ کا امکان برقرار رکھا، 9 سیڈ جوئے ولفریڈ سونگا نے اسپینش حریف پبلو کارینو بسٹا کو 6-4 ،6-4 اور6-4 سے ہرادیا۔

تھرڈ سیڈ اسٹینسلس واورنیکا میدان میں اترے بغیر چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے، ان کے مقابل آنے والے سلووینیا کے بلاز کیوسک پاؤں کی انجری کے سبب دستبردار ہوگئے، اسپین کے ٹومی روبریڈو نے آسٹریلیا کے جواں سال نک کریگوئس کو 3-6 ،6-3، 7-6(7/4) اور6-3 سے زیر کرلیا،جنھوں نے رواں برس ومبلڈن میں رافیل نڈال کو مات دیکر خاصی شہرت سمیٹی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔