افغانستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن، 59 طالبان ہلاک، جنگجوؤں کا حملہ، 11 افراد جاں بحق

خبر ایجنسیاں  پير 1 ستمبر 2014
آڈٹ ٹیمیں 22821 میں سے 19047 بیلٹ باکس کا آڈٹ کر چکی ہیں، اگلے چند روز میں آڈٹ کے عمل کو حتمی شکل دے دی جائے گی، ترجمان الیکشن کمیشن  فوٹو: فائل

آڈٹ ٹیمیں 22821 میں سے 19047 بیلٹ باکس کا آڈٹ کر چکی ہیں، اگلے چند روز میں آڈٹ کے عمل کو حتمی شکل دے دی جائے گی، ترجمان الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

کابل: افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کے انسداد دہشت گردی آپریشن میں اہم کمانڈروں سمیت 59 طالبان جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

افغان فورسز نے صوبے قندوز، قندھار، لوگر، پکتیکا اور ہلمند میں آپریشن کیا۔ افغانستان کے صوبے فرح میں طالبان عسکریت پسندوں نے فائرنگ کرکے11 افراد کوہلاک کردیا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان جاوید افضال نے میڈیا کو بتایاکہ صوبے فرح کے مقامی افراد کام کی تلاش میں ایران جارہے تھے کہ طالبان نے حملہ کردیا، فائرنگ سے 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

دریں اثنا افغان الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ صدارتی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور آڈٹ کے عمل کے آغاز سے اب تک 83.4 فیصد ووٹوں کا آڈٹ کیا جاچکا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نور محمدنور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آڈٹ ٹیمیں 22821 میں سے19047 بیلٹ باکس کا آڈٹ کر چکی ہیں،5 ہزار بیلٹ باکس کے درست یا جعلی ہونے کے بارے میں فیصلے کی توقع ہے، باقی رہ جانے والے781 3 بیلٹ باکس کا آڈٹ مکمل ہونے کے بعد اگلے چند روز میں آڈٹ کے عمل کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

انتخابات کے آڈٹ کا عمل صدارتی امیدواروں ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اور ڈاکٹر اشرف غنی کے مبصرین کی غیر موجودگی میں جاری ہے۔ نور محمد کا کہنا تھا کہ بین الاقومی مبصرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ایک بین الاقومی مبصر ہر آڈٹ ٹیم کی نگرانی کررہاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔