چند ہزار لوگ پاکستان کو تباہی کی کھائی میں پھینک رہے ہیں، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  پير 1 ستمبر 2014
یہ لوگ سمج رہے ہیں کہ اس طریقے سے وہ حکومت میں آجائیں گے، خواجہ آصف۔ فوٹو: فائل

یہ لوگ سمج رہے ہیں کہ اس طریقے سے وہ حکومت میں آجائیں گے، خواجہ آصف۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ چند ہزار لوگ پاکستان کو تباہی کی کھائی میں پھینک رہے ہیں، یہ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ اس طریقے سے حکومت میں آ جائیں گے۔

خواجہ آصف کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ پاکستان کو تباہی و بربادی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکن پوری دنیا سے پاکستان کا رابطہ منقطع کرنا چاہتے ہیں، چند ہزار لوگ پاکستان کو تباہی کی کھائی میں پھینک رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے پاکستان کے سرکاری ٹی وی کی عمارت پر قبضے اور توڑ پھوڑ سے پتہ چل گیا کہ یہ لوگ کس قدر پر امن اور جمہوری ہیں، عمران خان نے تو جاوہد ہاشمی کو اختلاف کرنے پر پارٹی سے نکال دیا، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ عمران خان کس قدر جمہوری ہیں جب کہ طاہرالقادری صاحب کا تو جمہوریت سے کوئی تعلق نہیں ہے، وہ تو ایک ون مین شو ہے، انھوں نے مذہبی بنیاد پر ایک گروپ بنایا ہوا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ جو حالات پیدا کر دیئے ہیں ان پر اب قانو نہیں پایا جا سکتا، یہ لوگ سمج رہے ہیں کہ اس طریقے سے وہ حکومت میں آجائیں گے، یہ وقت گزر جائے گا لیکن نقصان کئی دہائیوں تک پورا نہیں ہو سکے گا، حکومت 2 گھنٹے میں اپن حکمت عملی پر نظر ثانی کرے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکن وفاقی سیکرٹریٹ کا مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے اور پھر پی ٹی وی کی عمارت کے اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی، اندر داخل ہو کر مظاہرین نے پی ٹی وی کی عمارت پر قبضہ کر لیا اور پی ٹی ورلڈ کی نشریات بند کر دیں۔ رینجرز اور فوج کے جوانوں نے پہنچ کر مظاہرین کو پی ٹی وی کی عمارت سے باہر نکالا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔