قوم یقین رکھے نہ استعفیٰ دوں گا اور نہ ہی چھٹی پر جاؤں گا، وزیراعظم

ویب ڈیسک  پير 1 ستمبر 2014
وزیراعظم کی صدارت اجلاس میں حکومتی اتحادی اوراپوزیشن جماعتوں نےآئین اورجمہوریت کا تحفظ یقینی بنانے کےعزم کا اظہارکیا ۔  فوٹو: فائل

وزیراعظم کی صدارت اجلاس میں حکومتی اتحادی اوراپوزیشن جماعتوں نےآئین اورجمہوریت کا تحفظ یقینی بنانے کےعزم کا اظہارکیا ۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے  واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ قوم یقین رکھے نہ استعفیٰ دوں گا اور نہ ہی چھٹی پر جاؤں گا جب کہ عوام کا مینڈیٹ یرغمال بنانے کی روایت نہیں پڑنے دی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ،رحمان ملک، فاروق ستار، بابر غوری، مولانا فضل الرحمان،محمود خان اچکزئی، سراج الحق،آفتاب شیرپاؤ، اعجاز الحق، حاجی عدیل ، غلام احمد بلور اور دیگر نے شرکت کی۔  اجلاس میں پارلیمانی سربراہوں نے وزیراعظم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں دائر ممکنہ ماورائے آئین اقدام مقدمے میں فریق بننے کا بھی فیصلہ کیا۔

ڈھائی گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والے اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق پارلیمانی جماعتوں کے سربراہوں نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پورا ہفتہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ حکومتی اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں نے آئین اور جمہوریت کا تحفظ یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ،سیاسی قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جمہوریت سے انحراف پاکستان کی سالمیت کے لئے خطرہ ثابت ہوگا۔ پارلیمانی سربراہوں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور جمہوریت کے تسلسل کے لئے وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔