پاکستان میں غیر آئینی طریقے سے آنے والی تبدیلی کی مخالفت کریں گے، امریکی محکمہ خارجہ

ویب ڈیسک  پير 1 ستمبر 2014
 حکومت پاکستان اور مظاہرین پرامن طریقے سے سیاسی معاملات کو حل کریں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ فوٹو: فائل

حکومت پاکستان اور مظاہرین پرامن طریقے سے سیاسی معاملات کو حل کریں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظاہرین کو حق حاصل ہے کہ وہ پرامن احتجاج کریں تاہم زبردستی تشدد اور تباہی کے ذریعے تبدیلی لانے کسی بھی کوشش کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے ایک بیان میں پاکستان کے حا لات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین تمام معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔ پرامن احتجاج اور اظہار رائے کی آزادی جمہوریت کے بنیادی جز ہیں لیکن تشدد، ہنگامہ آرائی اور سرکاری اور غیر سرکاری املاک کو نقصان اور تباہی کے ذریعے سیاسی اختلافات کو حل کرنے کی کوشش کرنا افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کے موجود سیاسی نظام میں غیر آئینی طریقے سے لانے والی کسی بھی  تبدیلی کی بھر پور مخالف کرے گا۔

واضح رہے اس سے قبل بھی امریکا نواز شریف کی حکومت کے حق میں بیان دے چکا ہے جس کو تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے  آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ پاکستان کے معاملات میں دخل اندازی کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔