ریڈ زون میں مظاہرین ایک مرتبہ پھر متحرک، پی ٹی وی چوک سے کئی کنٹینر ہٹا دیئے گئے

ویب ڈیسک  منگل 2 ستمبر 2014
مظاہرین پی ٹی وی چوک پر کنٹینر ہٹا رہے ہیں اور وہاں انہیں کوئی بھی روکنے والا ہی نہیں۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

مظاہرین پی ٹی وی چوک پر کنٹینر ہٹا رہے ہیں اور وہاں انہیں کوئی بھی روکنے والا ہی نہیں۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں رات بھر سکون کے بعد مظاہرین ایک مرتبہ پر متحرک ہوگئے ہیں اور پی ٹی وی چوک پر موجود کنٹینرز کو گرایا جارہا ہے۔ 

شاہراہ دستور اور اور مارگلہ روڈ کے سنگم پر پولیس کی بڑی تعداد موجود ہے جو پنجاب ہاؤس کے مرکزی دروازے تک موجود ہے۔ شاہراہ دستور پر پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کا قبضہ ہے جو ہر آنے جانے والی گاڑی کی تلاشی لے رہے ہیں تاہم وہ کسی شخص کو آگے نہیں جانے دے رہے۔ جس کی وجہ سے پاکستان سیکریٹریٹ کے ملازمین بری امام کے راستے سے ’’کے‘‘ بلاک پہنچتے ہیں جہاں سے وہ اپنے منزل مقصود تک پیدل ہی پہنچ رہے ہیں جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار تک کسی بھی شخص کو پہنچنے کے لئے عوامی تحریک کے کارکنوں کی اجازت درکار ہے۔

دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں نے پی ٹی وی چوک پر موجود یکے بعد دیگرے کنٹینر ہٹا رہے ہیں تاہم وہاں انہیں کوئی بھی روکنے والا ہی نہیں۔ ہر کنٹینر گرانے کے بعد مظاہرین خوشی کے اظہار کرتے ہوئے مسلسل نعرے لگارہے ہیں۔ چوک کے ساتھ ہی سرکاری ٹی وی کا ہیڈ کوارٹر بھی موجود ہے تاہم گزشتہ روز کی نسبت آج وہاں معمول کے مطابق ملازمین اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔