منافع خور اور ملاوٹ کرنیوالے 77 دکانداروں کا چالان، 77 ہزار جرمانہ عائد

اسٹاف رپورٹر  بدھ 3 ستمبر 2014
منافع خوروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے، سبزی منڈی میں نیلامی کے وقت افسران کی ڈیوٹی لگادی، کمشنر  فوٹو: اے ایف پی/فائل

منافع خوروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے، سبزی منڈی میں نیلامی کے وقت افسران کی ڈیوٹی لگادی، کمشنر فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: منافع خوری اور ملاوٹ کے خلاف شہر بھر میں کراچی ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے آپریشن جاری ہے۔

کارروائی کے دوران دودھ ،آٹا ، سبزی، دالیں، گوشت، پھلوں، مرغی اور اشیائے خورونوش سرکاری نرخ نامہ سے زائد پر فروخت کرنے والے77 دکا نداروں کا چالان کرکے77 ہزار 700 روپے جرمانہ عائد کیا گیا، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ جن علاقوں میں گراں فروشوں کے خلاف اقدامات کیے گئے ان میں صدر، سول لائن، گارڈن، سائٹ، بلدیہ، فیروز آباد، جمشید کواٹرز، گلشن اقبال، گلزار ہجری ، لیاقت آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، اورنگی، بلدیہ، بن قاسم، ابراہیم حیدری، نیوکراچی، لانڈھی، کورنگی اور ماڈل کالونی کے علاقے شامل ہیں۔

شہر بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے گراں فروشوں کے خلاف جاری کارروائی کے نتیجے میں 22 دودھ فروش، 19 اشیائے خورونوش بیچنے والے، 13مرغی فروش، 13سبزی فروش، 9 پھل فروش کے چالان کیے گئے ہیں، کمشنر نے کہا کہ منافع خوروں کو عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی۔

گراں فروشوں ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی کارروائی اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ یہ ضمیر فروش اپنی روش ترک نہ کردیں اور عوام کو سرکاری نرخ کے مطابق اشیائے خورونوش کی فروخت کو یقینی نہیں بنالیتے، سبزیوں کی مصنوعی قلت اور گراں فروشی روکنے کے سلسلے میں سبزی منڈی اور پھل منڈی میں رات کو نیلامی کے وقت انتظامی افسران کی مستقل ڈیوٹی لگادی گئی ہے جس کے نتیجے میں سبزیوں کی قیمتیں بتد ریج نیچے آرہی ہیں اور یہ عمل مسلسل جاری رہے گا تا کہ حکومت کی ہدایت پر عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔