مدثر نذر یو اے ای کی بیٹنگ کو قدموں پر کھڑا کریں گے

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 3 ستمبر 2014
سابق پاکستانی اسٹار کو ورلڈ کپ تک بیٹسمینوں کی رہنمائی کا کام سونپ دیا گیا۔  فوٹو: فائل

سابق پاکستانی اسٹار کو ورلڈ کپ تک بیٹسمینوں کی رہنمائی کا کام سونپ دیا گیا۔ فوٹو: فائل

ابوظبی: سابق پاکستانی آل راؤنڈر مدثر نذرمتحدہ عرب امارات کی بیٹنگ کو قدموں پر کھڑا کرینگے۔

انھیں ورلڈ کپ 2015 کیلیے خلیجی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے پر توجہ دونگا۔ تفصیلات کے مطابق مدثر نذر اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی اکیڈمی میں ڈیولپمنٹ سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں، اب آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ کیلیے یو اے ای نے ان کی بطور بیٹنگ کوچ خدمات حاصل کی ہیں، مدثر کو یقین ہے کہ ان کا تجربہ ٹیم کے کام آئیگا۔

انھوں نے کہا کہ میں نے امارات کرکٹ سے بطور بیٹنگ کوچ وابستہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے، میں خود کو بولر سے زیادہ ایک بیٹسمین سمجھتا ہوں، اس سے قبل میں کینیا جیسی ٹیموں کی کوچنگ کرچکا اور جانتا ہوں کہ یو اے ای کی خامیاں کیا ہیں، اگرآپ انکے سابقہ میچز کے اسکور کارڈز پر نظر ڈالیں تو دیکھیں گے کہ ابتدائی گرنے والی وکٹوں کی تعداد کبھی 30 تو کبھی 40 پر چار ہے، اس سے باقی بیٹسمینوں پر دباؤ بڑھ جاتا اور وہ جدوجہد کرتے دکھائی دیتے ہیں، مجھے انھیں ٹاپ لیول پر مقابلے کیلیے تیار کرنے کی خاطر ذہنی طور پر مضبوط بنانا ہوگا، یہ میرے لیے ایک بڑا چیلنج ہے مگر میں اس سلسلے میں اپنا کام جاری رکھوں گا۔

میں اپنا تمام تجربہ ان لڑکوں کو منتقل کرنے کو تیار ہوں۔ واضح رہے کہ یو اے ای کی ٹیم ورلڈکپ کی تیاریوں کیلیے 7 ستمبر کوآسٹریلیا جائیگی جہاں پرتھ اور ڈارون میں مقامی ٹیموں کے ساتھ میچز شیڈول ہیں، ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ مدثر کو کوچنگ کا تجربہ ہے جبکہ وہ اپنے دنوں میں جیف تھامسن اور ڈینس للی جیسے بولرز کا سامنا کرچکے ہیں، وہ بیٹسمینوں کو واکا اور گابا کی وکٹ پر بہتر کھیل پیش کرنے کے گُر سکھا سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔