چیئرمین کرکٹ بورڈ کا کپتان وکوچ پر اظہارِ اعتماد

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 3 ستمبر 2014
کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اور کمبی نیشن تشکیل دینے میں درپیش مسائل پر بات۔   فوٹو: فائل

کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اور کمبی نیشن تشکیل دینے میں درپیش مسائل پر بات۔ فوٹو: فائل

لاہور: چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کپتان مصباح الحق اور ٹیم مینجمنٹ پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔

مصباح اور چیف کوچ وقار یونس سے الگ الگ ملاقات میں انھوں نے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے آئندہ سیریز اور ورلڈکپ کی تیاریوں کیلیے محنت جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق دورئہ سری لنکا میں ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں سیریز ہارنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ہیڈ کوچ وقار یونس کو گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور طلب کیاگیا، دونوں نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے الگ الگ ملاقات میں شکستوں کی وجوہات اور آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی۔ وقار یونس دوپہر 12 بجے کے قریب آئے اور نصف گھنٹے سے زائد وقت تک چیئرمین کے کمرے میں موجود رہے۔

مصباح الحق کی ملاقات دوپہر 2 سے 3 بجے تک جاری رہی، ہیڈ کوچ نے دورے کے حوالے سے اپنی رپورٹ چیئرمین کو پیش کردی، دونوں ملاقاتوں میں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی اور ٹیم کمبی نیشن تشکیل دینے میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا، یواے ای میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کی تیاریوں اور مستقبل کے پلان پر بھی بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر شہریار خان نے کوچ اور کپتان کو اپنے بھرپور اعتماد کا یقین دلاتے ہوئے دورۂ سری لنکا میں سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلیے محنت کا سلسلہ جاری رکھنے کی ہدایت دی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ چیئرمین سے ملاقات میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہات پر بات ہوئی، آئندہ سیریز اور خاص طور پر ورلڈکپ کیلیے بہتر پلان اور تیاریوں کے معاملات بھی زیر غور آئے،مجموعی طور پر میٹنگ بہت اچھی رہی۔یاد رہے کہ قومی ٹیم کے منیجر اور چیف سلیکٹر معین خان کراچی میں موجود ہیں، چیئرمین شہریار خان بدھ کو سابق کپتان سے ملاقات کریں گے، اس موقع پر ٹیم کے معاملات پر بات ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔