لاہور ہائیکورٹ کی ضمنی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران کی خدمات فراہم کرنے سے معذرت

ویب ڈیسک  جمعـء 12 ستمبر 2014
عدالت کی جانب سے افسران کی خدمات فراہم کرنے سے معذرت کے بعد اب ضمنی انتخابات میں ضلعی افسران کو تعینات کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

عدالت کی جانب سے افسران کی خدمات فراہم کرنے سے معذرت کے بعد اب ضمنی انتخابات میں ضلعی افسران کو تعینات کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے ضمنی انتخابات میں ججز کی بطور ریٹرنگ افسران خدمات فراہم کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ سے جاوید ہاشمی کے حلقے این اے 149 ملتان میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے لئے ججز کی بطور ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کی درخواست کی تھی تاہم عدالت نے ضمنی انتخابات کے لئے اپنے افسران کی خدمات الیکشن کمیشن کو دینے سے معذرت کرلی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے تحریری جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جوڈیشل پالیسی کے تحت اب عدالتیں انتخابات کے لئے اپنے افسران مہیا نہیں کر سکتیں۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے افسران کی بطور ریٹرننگ افسران خدمات فراہم کرنے سے معذرت کے بعد اب ضمنی انتخابات میں ضلعی افسران کو تعینات کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق آئندہ ایک دو روز میں جاوید ہاشمی کے حلقے میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جاوید ہاشمی نے 2 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 5 ستمبر کو ان کا استعفیٰ منظور کر کے الیکشن کمیشن کو رپورٹ بھیج دی تھی جس کے بعد الیکنش کمیشن کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی کے حلقے این اے 149 ملتان میں 60 روز کے اندر انتخابات کرائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔