مویشی منڈی، پارکنگ انتظامیہ کی غفلت کے باعث خریداروں کو پریشانی

اسٹاف رپورٹر  پير 15 ستمبر 2014
 بے ہنگم گاڑیاں کھڑی کرنے سے شہریوں کو سخت ذہنی کوفت کا سامنا، پارکنگ ایریا کے لیے مختص کی گئی جگہ کم پڑ گئی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

بے ہنگم گاڑیاں کھڑی کرنے سے شہریوں کو سخت ذہنی کوفت کا سامنا، پارکنگ ایریا کے لیے مختص کی گئی جگہ کم پڑ گئی۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

کراچی: سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کے لیے قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں پارکنگ انتظامیہ کی غفلت اور لاپروائی کے باعث ہفتے کی رات مویشی منڈی میں آنیوالے شہریوں اور خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پارکنگ انتظامیہ صورتحال پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوگئی، پارکنگ ایریا میں بے ہنگم گاڑیاں کھڑی کرنے سے شہریوں کو سخت ذہنی کوفت کا  سامنا کرنا پڑا، پارکنگ ایریا کے لیے مختص کی گئی جگہ کم پڑی گئی گاڑیاں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسی رہیں جبکہ متعدد گاڑیوں سے قیمتی سامان بھی چرا لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر سپرہائی وے پر قائم کی جانے والی قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی میں ہفتے کی شب اس وقت شدید افراتفری دیکھنے میں آئی جب پارکنگ انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور اس موقع پر پارکنگ انتظامیہ کی جانب سے تعینات رضا کار خوش گیپیوں میں مصروف رہے اور شہری پارکنگ ایریا میں اپنی مدد آپ کے تحت گاڑیاں نکلواتے ہوئے دکھائی دیے۔

ہفتے کی شب شہریوں اور خریداروں کی بڑی تعداد نے مویشی منڈی کا رخ کیا تاہم پارکنگ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم نہیں کی اور پارکنگ ایریا میں گاڑیاں بے ہنگم انداز میں کھڑی کرنے اور گاڑیاں درست سمت میں کھڑی کرانے کے لیے پارکنگ انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کے کوئی خاطر خواہ اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے جو بعدازاں بدترین صورتحال کی شکل اختیار کر گئے، شہری گھنٹوں اپنی گاڑیاں نکالنے اور پارک کرنے کے انتظار میں کھڑے رہے۔

اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ پارکنگ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم نہیں کی گئی اگر پارکنگ فیس معاف کر دی گئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ پارکنگ ایریا کو لاوارث حالت میں چھوڑدیا جائے اور جس کا جہاںدل کرلے وہ گاڑیاں پارک کر کے چلا جائے ایک شہری نے بتایا کہ اس کی گاڑی کے پیچھے کوئی اپنی گاڑی کھڑی کر کے منڈی چلا گیا اور وہ گزشتہ 2 گھنٹے سے اس کا انتظار کر رہا ہے کہ وہ کب آئے اور اس کی گاڑی نکل سکے۔

مویشی منڈی میں کار پارکنگ انتظامیہ کی جانب پارکنگ لاٹ کی زمین میں کوئی اضافہ نہیںکیا گیا اور جگہ کی کمی اور گاڑیوں کے رش کی وجہ سے پارکنگ لاٹ میں گاڑیاں کھڑی کرنے کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پارکنگ ایریا بھر جانے کے باعث واپس جانے والوں کو بھی گاڑیاں پارکنگ ایریا سے باہر نکالنے میںکئی گھنٹے لگ گئے جبکہ درجنوں گاڑیاں پارکنگ انتظامیہ دفتر سامنے سڑک پر بھی کھڑی کرنے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثرہوئی اور یہ سلسلہ ہفتے کی رات سے اتوار کی صبح تک جاری رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارکنگ انتظامیہ کے لوگ پارکنگ فیس معاف کیے جانے کے باعث مویشی منڈی میں غیر قانونی زمین اور پٹی فروخت کرنے میں مصروف ہیں جس میں مویشی منڈی کے بلاک10کی زمین اور پٹی کی فروخت کے عوض بیوپاریوں سے بھاری رقوم بٹوری جا رہی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پارکنگ ایریا میںسیکیورٹی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے متعدد گاڑیوں سے قیمتی سامان جس میں کار ٹیپ ، اسپیکرز اور پاور ایم بھی چوری کرلیے گئے جس کی وجہ سے مویشی منڈی آنے والوں کو مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔