پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر سرکاری املاک پر حملے کے الزام میں گرفتار 102 افراد کی ضمانتیں منظور

ویب ڈیسک  پير 15 ستمبر 2014
حراست میں لئے گئے اور ان پرانسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی فوٹو: فائل

حراست میں لئے گئے اور ان پرانسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی فوٹو: فائل

اسلام آباد: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پارلیمنٹ ہاوٴس اور پی ٹی وی سمیت دیگر سرکاری املاک پر حملے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کئے گئے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے 102 کارکنوں کی ضمانتیں منظورکرلیں۔

اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے 102 گرفتار ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل نے کہا کہ پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے ہیں کیونکہ ان ملزمان کی نہ تو شناخت پریڈ کرائی گئی ہے اور نہ ہی گرفتاری کے وقت ان کے قبضے سے کوئی اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ گرفتار افراد کی ضمانت منظور کی جائے۔ فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے 50،50  ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض 102 ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔

واضح رہے کہ یہ تمام ملزمان اسلام آباد سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حراست میں لئے گئے اور ان پرانسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔