پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد میں دفعہ 144 کو عدالت میں چیلنج کردیا

ویب ڈیسک  پير 15 ستمبر 2014
دھرنے کے شرکا کی گرفتاریوں کو روکا جائے،ٹھریک انصاف کی درخواست میں موقف۔   فوٹو: فائل

دھرنے کے شرکا کی گرفتاریوں کو روکا جائے،ٹھریک انصاف کی درخواست میں موقف۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں  شاہ محمود قریشی ، جہانگیر ترین، عارف علوی، اسد عمر اور دیگر کی جانب سے دائر درخواست میں وزرات داخلہ، آئی جی اسلام آباد، آئی جی پنجاب، آئی جی آزاد کشمیر، چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں دفعہ 144 کا نفاذ غیر آئینی اور غیر قانونی تھا۔ جس کا مقصد عوام کو احتجاج کے آئینی اور دھرنے کے حق سے روکنا تھا۔ انتظامیہ نے دفعہ 144 کی آڑ میں سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا جو بالکل درست نہیں۔ اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ دفعہ 144 کے نفاذ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے گرفتاریوں کو روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں 700 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔