کراچی میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد پابندی کی مدت ختم

ویب ڈیسک  منگل 16 ستمبر 2014
پولیس نے ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزارسے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی۔ 
فوٹو:فائل

پولیس نے ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ہزارسے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی۔ فوٹو:فائل

کراچی: شہر قائد میں لگائی گئی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی مدت رات 12 بجے کے بعد مکمل ہوگئی جب کہ اس دوران پولیس نے خلاف ورزی کرنے والے ایک ہزار سے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے علی اکبر کمیلی اور مفتی نعیم کے داماد مولانا مسعود کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کے تحت 11 ستمبر کو شہر قائد میں 10 روز کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی تھی جس کی مدت بعد میں کم کرکے 5 روز کردی گئی تھی جو رات 12 بجے مکمل ہوگئی۔

واضح رہے کہ ڈبل سواری کی 5 روزہ پابندی کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ایک ہزار سے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جن میں سے کئی کو مچلکوں کی ادائیگی اور شخصی ضمانت کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔