غیر ملکی سرمایہ کاری جولائی تا اگست 20 فیصد گرگئی

بزنس رپورٹر  منگل 16 ستمبر 2014
پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں216 فیصدکا اضافہ، غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 194 فیصد نیچے، فارما، کمیونی کیشن اور سیمنٹ سیکٹر سے بیرونی سرمائے کا انخلا۔ فوٹو: فائل

پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں216 فیصدکا اضافہ، غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 194 فیصد نیچے، فارما، کمیونی کیشن اور سیمنٹ سیکٹر سے بیرونی سرمائے کا انخلا۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان میں رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ (جولائی اگست) کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری میں 20فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی اگست کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 17کروڑ 26لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 21 کروڑ 58 لاکھ ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق پہلے 2 ماہ کے دوران غیرملکی نجی سرمایہ کاری گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 18.2فیصد کے اضافے سے 20کروڑ 92 لاکھ ڈالر رہی جس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 37 فیصد کم ہوکر 8کروڑ 71لاکھ ڈالر رہی، جولائی اگست میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے انفلوز 27کروڑ 39لاکھ ڈالر اور آئوٹ فلو 18کروڑ 68 لاکھ ڈالر رہے، گزشتہ مالی سال ایف ڈی آئی کے انفلوز 34کروڑ 23 لاکھ ڈالر اور انفلوز 20کروڑ 39 لاکھ ڈالر رہے تھے۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری 17کروڑ 69لاکھ ڈالر رہی تھی جس میں 13کروڑ 83لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری شامل تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری 216 فیصد کے اضافے سے 12کروڑ 21لاکھ ڈالر رہی، جولائی اگست 2013 میں پورٹ فولیو سرمایہ کاری 3کروڑ 86 لاکھ ڈالر رہی تھی، اس عرصے میں غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ 194فیصد کی کمی سے منفی 3کروڑ 66لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں فارن پبلک انویسٹمنٹ 3کروڑ 89 لاکھ ڈالر رہی تھی۔

اعداد و شمار کے مطابق مختلف شعبہ جات کے سلسلے میں جولائی اگست 2014 کے دوران فنانشل بزنس میں 2کروڑ 37لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی، فوڈ سیکٹر میں 1 کروڑ 63 لاکھ ڈالر، ٹوبیکو اینڈ سگریٹ میں 2 کروڑ ڈالر، کیمکلز میں 1کروڑ 98لاکھ ڈالر، تیل و گیس کی تلاش کے شعبے میں 4کروڑ 26لاکھ ڈالر، ٹریڈ سیکٹر میں 1کروڑ 3 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، فارماسوٹیکلز اور او ٹی سی پراڈکٹس کے شعبے میں سرمایہ کاری منفی 4کروڑ 85لاکھ جبکہ کمیونی کیشن سیکٹر میں ایف ڈی آئی منفی 2کروڑ 41لاکھ ڈالر اور سیمنٹ سیکٹر میں منفی 76 لاکھ ڈالر رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔