ڈیوس کپ میں اسپین 18 برس بعد ورلڈ گروپ سے رخصت

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  منگل 16 ستمبر 2014
پلے آف میں برازیل کی جیت، سربیا نے بھارت کا قصہ تمام کردیا، سلواکیہ پر امریکا غالب، ڈراز جمعرات کو نکالے جائیں گے۔   فوٹو: فائل

پلے آف میں برازیل کی جیت، سربیا نے بھارت کا قصہ تمام کردیا، سلواکیہ پر امریکا غالب، ڈراز جمعرات کو نکالے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

پیرس: ڈیوس کپ 2015 ورلڈ گروپ کے ڈراز جمعرات کو دبئی میں نکالے جائیں گے، گذشتہ دنوں پلے آف میں فتوحات کے بعد ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، برازیل،کینیڈا، کروشیا، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، جاپان، قازقستان، سربیا، جمہوریہ چیک، فرانس ، سوئٹزرلینڈ اور امریکا نے آئندہ برس ورلڈ گروپ میں جگہ برقرار رکھی، اسپین 18 برس بعد اس مرحلے سے رخصت ہوگیا۔

2014 ایڈیشن کا فائنل 21 سے 23 نومبر تک فرانس اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق سائو پائولو  میں پانچ مرتبہ کے چیمپئن اسپین کو پلے آف میں برازیل نے3-1 سے ہرادیا، ان مقابلوں میں اسپین کو ورلڈ نمبر 2 انجرڈ رافیل نڈال کی خدمات حاصل نہیں تھیں، ٹیم کلے کورٹ پر 1999 کے بعد پہلی مرتبہ کوئی ڈیوس کپ ٹائی ہاری ہے، میزبان برازیلین پلیئر تھامس بیلوسی نے مہمان کھلاڑی روبرٹو بوٹیسٹا اگٹ کیخلاف 6-4 ، 3-6 ، 6-3 اور6-2 سے کامیابی کی بدولت ٹائی میں اپنی ٹیم کو3-1 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔

اسپین نے 2000 ، 2004 ، 2008 ، 2009 اور2011 میں ڈیوس کپ ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ  2003 اور 2012 میں رنر اپ رہنے کا اعزاز بھی ملا تھا، بنگلور میں سابق چیمپئن سربیا نے بھارت کو 3-2 سے شکست دے کر ورلڈ گروپ میں جگہ برقرار رکھی، عالمی درجہ بندی میں 107ویں پوزیشن پر فائز 22 سالہ سربین پلیئر کریجانووک نے بھارتی حریف یوکی بھامبری کوفیصلہ کن ریورس سنگلز میں  6-3 ،6-4 اور6-4 سے مات دی، 2010 کے چیمپئن سربیا کو ان مقابلوں میں ورلڈ نمبرون نووک جوکووک، جانکو تیپسرووچ اور وکٹر ٹروسکی کا ساتھ میسر نہیں تھا۔

جوکووک نے تھکاوٹ اور فیملی وجوہات کے سبب بھارت جانے سے معذرت کی جبکہ دیگر دونوں پلیئرزانجرڈ تھے، سربین ٹیم  رواں برس فروری میں ورلڈ گروپ پہلے رائونڈ میں سوئٹزرلینڈ سے ناکامی کے بعد پلے آف کھلنے پر مجبور ہوئی تھی، سربیا کے ساتھ ایسا 2007 کے بعد پہلی مرتبہ ہوا، سربیا نے ابتدائی دونوں سنگلز جیتے تھے تاہم اس کے بعد ڈبلز میں بھارت کو کامیابی ملی تھی، ابتدائی ریورس سنگلز میں بھی سومدیو دیوورمن نے فتح پاکر میزبان کو ٹائی میں 2-2 سے برابری دلائی تھی، بھارت ایشیا اوشیانا زونل ایونٹس میں لگاتار تیسرے برس شریک ہوگا۔

شکاگو میں امریکا نے سلواکیہ کیخلاف 5-0 سے کلین سوئپ مکمل کرلیا، ابتدائی سنگلز اور ڈبلز میں کامیابی کے بعد ریورس سنگلزمیں بھی امریکی پلیئرز فتحیاب رہے، جون اسنر نے مہمان کھلاڑی لوکاس لیکو کو اسٹریٹ سیٹ میں6-3 اور6-0 سے زیرکیا، سام کیورے نے نوربرٹ گومبوس کیخلاف 6-4 ، 4-6 اور6-4 سے کامیابی پائی، امریکا کو ریکارڈ 32 مرتبہ ڈیوس کپ ٹائٹل جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، اس نے آخری مرتبہ 2007 میں ٹرافی حاصل کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔