ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو سخت حریفوں کا سامنا ہوگا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 16 ستمبر 2014
گروپ اے میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور بیلجیئم کے ساتھ شامل، ایونٹ کا 6 دسمبر سے آغاز۔    فوٹو: فائل

گروپ اے میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور بیلجیئم کے ساتھ شامل، ایونٹ کا 6 دسمبر سے آغاز۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو سخت حریفوں کا چیلنج درپیش ہوگا، 6 سے 14 دسمبر تک بھارتی شہر بھوبنیشور میں شیڈول ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا، ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے چیمپئنز ٹرافی کے ڈراز کا اعلان کردیا، پاکستان کو گروپ اے میں ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا، کامن ویلتھ برانز میڈلسٹ انگلینڈ اور یورو نیشنز سلور میڈلسٹ بیلیجیئم کا چیلنج درپیش ہوگا۔ گروپ بی میں میزبان بھارت، اولمپک گولڈ میڈلسٹ جرمنی، ورلڈ کپ رنرز اپ نیدرلینڈ اور برانز میڈلسٹ ارجنٹائن شامل ہیں۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کو متعارف کرانے کا سہرا سابق صدر پی ایچ ایف ایئرمارشل نور خان کے سر ہے، انھوں نے  1978 میں ایونٹ کا آغاز کیا۔ ابتدائی ٹائٹل پاکستان کے نام رہا، چیمپئنز ٹرافی کا گذشتہ ایونٹ 2 برس قبل میلبورن میں ہوا جس میں گرین شرٹس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے سے محروم رہنے والی ٹیم کی کارکردگی اس ایونٹ میں بھی سب کی توجہ کا مرکز ہوگی۔ بھارت میں شیڈول مقابلوں کے ابتدائی روز 6 دسمبر کو تمام 8 ٹیمیں کالینگا اسٹیڈیم بھوبنیشور میں مقابل آئیں گی۔ پہلی بار کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کرنے والے اس اسٹیڈیم میں 5 ہزار شائقین کی گنجائش اور بلو اور پنک آسٹرو ٹرف نصب کی گئی ہیں۔ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر لینڈرو نیگرے  ورلڈ ایونٹ کے بھارت میں انعقاد پر مطمئن ہیں، انھوں نے کہا کہ انڈین ہاکی لیگ میں شائقین نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا، ہم سب پُرامید ہیں کہ ورلڈ کپ کے بعد ہاکی کے سب سے بڑے ایونٹ کو بھی خوب پذیرائی ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔