افغانستان میں فوجی قافلے پر کار بم حملے میں نیٹو کے 3 اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 16 ستمبر 2014
کابل میں غیر ملکی فوج پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی۔  فوٹو؛اے ایف پی

کابل میں غیر ملکی فوج پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی۔ فوٹو؛اے ایف پی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں فوجی قافلے پر کار بم حملے کے نتیجے میں نیٹو کے 3 اہلکار ہلاک جب کہ 4 اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نیٹو فوج کے قافلے پر حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے ایئرپورٹ روڈ پر امریکی سفارتخانے کے قریب ہوا۔ حکام کے مطابق نیٹو فوج کا قافلہ ایئرپورٹ پورٹ روڈ سے گزر رہا تھا کہ بارود سے بھری گاڑی غیر ملکی فوجیوں کی بکتربند نما گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 نیٹو اہلکار ہلاک جب کہ 4 شدید  زخمی ہوگئے۔ حملے کے نتیجے میں سڑک پر چلنے والی دیگر کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جس کے باعث مزید 16 افراد بھی زخمی ہوگئے۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ نیٹو کے قافلے پر حملہ ایک خودکش کار بم حملہ آور نے کیا جب کہ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی وجہ سے شہر کی عمارتیں لرز اٹھیں۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔