کرکٹ کے افق پر چوکوں چھکوں کی برسات آج شروع ہوگی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 17 ستمبر 2014
قومی ٹوئنٹی 20 ایونٹ کا میلہ کراچی میں سجے گا، آفریدی اور مصباح بھی شریک، افتتاحی میچ میں حیدرآباد اور کوئٹہ کی ٹیمیں مقابل۔   فوٹو؛فائل

قومی ٹوئنٹی 20 ایونٹ کا میلہ کراچی میں سجے گا، آفریدی اور مصباح بھی شریک، افتتاحی میچ میں حیدرآباد اور کوئٹہ کی ٹیمیں مقابل۔ فوٹو؛فائل

کراچی / لاہور: قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ کے افق پر چوکوں چھکوں کی برسات بدھ کو شروع ہوگی۔

کراچی میں ستاروں سے مزئین میلہ سجانے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں،ایونٹ میں مجموعی طور پر 35 میچزہوں گی، افتتاحی مقابلے میں حیدر آباد ہاکس اور کوئٹہ بیئرز کی ٹیمیں مقابل ہونگی، راولپنڈی ریمز اور فاٹا چیتاز کا ٹکراؤ ہوگا، کراچی ڈولفنز کو لاڑکانہ بلز جبکہ زیبراز کو ملتان ٹائیگرز کا چیلنج درپیش ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ سے کراچی میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ اور شریک ٹیموں کے لوگوز کی تقریب رونمائی منگل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوئی،اس موقع پر بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر ڈومیسٹک انتخاب عالم،ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ ہارون رشید، ڈائریکٹر مارکیٹنگ بدر رفاعی اور اسپانسر کمپنیز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

ایونٹ میں شریک 18 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،گروپ اے میں سیالکوٹ اسٹالینز،کراچی ڈولفنز، حیدر آباد ہاکس،کوئٹہ بیئرز اور لاڑکانہ بلز شامل ہیں، بی میں راولپنڈی ریمز،کراچی زیبراز، ملتان ٹائیگرز،فاٹا چیتا کو رکھا گیا، سی فیصل آباد وولفز، اسلام آباد لیپرڈز،لاہور ایگلز، پشاور پینتھرز، اے جے کے جیگوارز پر مشتمل ہوگا۔ گروپ ڈی میں لاہور لائنز، ایبٹ آباد فالکنز، بہاولپور اسٹیگز اورڈی ایم جمالی آئی بیکسز کو جگہ دی گئی، نیشنل اسٹیڈیم میں افتتاحی میچ صبح 9 بجے حیدر آباد ہاکس اور کوئٹہ بیئرز کے مابین ہوگا، بعدازاں راولپنڈی ریمز اور فاٹا چیتاز کی ٹیمیں ایک بجے مقابل ہونگی۔

کراچی ڈولفنز اپنی مہم کا آغاز لاڑکانہ بلز کیخلاف شام 5 بجے کرینگے، زیبراز کو رات 9 بجے مضبوط حریف ملتان ٹائیگرز کا چیلنج درپیش ہوگا، سیمی فائنلز27 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، فیصلہ کن معرکہ اگلے روز ہوگا۔ ایونٹ میں قومی کرکٹ اسٹارز کی اکثریت بھی اپنی آب وتاب دکھائے گی، شاہد آفریدی ڈولفنز کی قیادت کرینگے، منگل کو قومی ٹوئنٹی 20 ٹیم کے قائد مقرر کیے جانے والے آل راؤنڈر کو فواد عالم، شاہ زیب حسن، انور علی اور محمد سمیع کا ساتھ حاصل ہوگا۔ زیبراز کے قائد خالد لطیف جبکہ اسکواڈ میں خرم منظور بھی موجود ہیں۔ ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان مصباح الحق کو محمد طلحٰہ، اسد علی اور احسان عادل کی خدمات دستیاب ہونگی۔

لاہور لائنز کو فی الحال تو اظہر علی کی قیادت میسر ہے، ان کے ساتھ عدنان اکمل بھی موجود ہیں، دفاعی چیمپئن ٹیم کے محمد حفیظ، احمد شہزاد، عمر اکمل، ناصر جمشید، وہاب ریاض اور اعزاز چیمہ چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں شرکت کیلیے بھارت میں ہیں، واپسی پر یہ اسٹارز بھی اسکواڈ کو تقویت بخشیں گے۔ ایگلز ٹیم کی طرف سے کپتان کامران اکمل، عمران فرحت اور توفیق عمر ایکشن میں ہونگے۔ یونس خان کو ایبٹ آباد فالکنز کی قیادت ملی ہے۔

انھیں یاسر حمید اور یاسر شاہ کا ساتھ بھی حاصل ہوگا۔ ملتان ٹائیگرز کے کپتان ذوالفقار بابر کو صہیب مقصود،محمد عرفان اور راحت علی سمیت باصلاحیت کھلاڑیوں کی خدمات میسرہونگی۔ راولپنڈی ریمز کے کپتان سہیل تنویر ہیں۔ شعیب ملک بگ بیش کی فاتح آسٹریلوی فرنچائز کی طرف سے چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی20 میں شرکت کیلیے بھارت میں ہیں، آل راؤنڈر کی جگہ عبدالرحمان کو سیالکوٹ اسٹالینز کا کپتان بنایا گیا ہے۔ اسلام آباد لیپرڈز کی قیادت عمرگل کے سپرد ہے، شرجیل خان حیدر آباد ہاکس اور عثمان شنواری فاٹا چیتاز کے کپتان ہونگے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔