کراچی میں موت کے سودا گروں نے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد کو ابدی نیند سلا دیا

ویب ڈیسک  بدھ 17 ستمبر 2014
 پرانا گولی ماراور کورنگی سے بھی 2 افراد کی لاشیں ملیں. فوٹو: فائل

پرانا گولی ماراور کورنگی سے بھی 2 افراد کی لاشیں ملیں. فوٹو: فائل

کراچی: شہر قائد میں موت کے سوداگروں کی  فائرنگ اورپرتشدد واقعات میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلزچورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں سب انسپکٹررانا سرورجاں بحق جبکہ نارتھ کراچی میں پولیس اہلکار اعجاز کو قتل کردیا گیا۔ سیفی اسپتال کے قریب ملزموں نے ریٹائرڈ پروفیسرانیس انورکی جان لے لی، اسی طرح اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11 میں واقع  صابری چوک پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہوٹل پر بیٹھے 55 سالہ رشید اور ان کے بیٹے عادل  کو قتل کردیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردیں، اس موقع پر ڈی ایس پی سہراب میو کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 8 خول ملے ہیں  جبکہ مقتول کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔

دوسری جانب ناردرن بائی پاس سے جاوید احمد نامی شخص کی لاش ملی، پرانا گولی ماراور کورنگی سے بھی 2 افراد کی لاشیں ملیں، حیدری تھانے کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے 2 پولیس اہلکار اوررکشہ ڈرائیورزخمی ہوگئے جب کہ قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، دوسری جانب لیاری میں بھی دوگروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔