کراچی میں امن کیلئے بلا تفریق اور بغیر کسی دباؤ کے کام کررہے ہیں، ڈی جی رینجرز

ویب ڈیسک  بدھ 17 ستمبر 2014
 گورنر سندھ نے کراچی میں امن وامان کے لیے رینجرز کی کاوشوں کو سراہا، فوٹو:فائل

گورنر سندھ نے کراچی میں امن وامان کے لیے رینجرز کی کاوشوں کو سراہا، فوٹو:فائل

کراچی: ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز رضوان اختر کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن وامان کے لئے فول پروف اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ شہر میں امن کے لیے بلا تفریق اور بغیر کسی دباؤ کے کام کررہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر نے ملاقات کی جس میں انہوں نے  کراچی میں امن وامان سے متعلق گورنر سندھ کو بریفنگ دی، اس موقع پر ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ شہر میں امن وامان کے قیام کے لیے رینجرز نے فول پروف اقدامات کو یقینی بنایا ہے اور حساس مقامات پر خصوصی سکیورٹی کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں جبکہ رینجرز کراچی میں امن کے لیے بلا تفریق اور بغیر کسی دباؤ کے کام کررہی ہے۔

ڈی جی رینجرز سے ملاقات میں گورنر سندھ نے کراچی میں امن وامان کے لیے رینجرز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہر میں قیام امن میں رینجرز کی کوششیں اطمینان بخش ہیں جبکہ حکومت کی اولین ترجیح بھی امن وامان کا قیام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔