کراچی، پولیس اور رینجرز سے مقابلے، 5 ملزمان ہلاک، 3 فرار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 18 ستمبر 2014
مرنیوالوں میں سے ایک کا بابا لاڈلا گروپ اور 2 کا عذیربلوچ گروپ سے تعلق ہے، پولیس حکام۔ فوٹو: فائل

مرنیوالوں میں سے ایک کا بابا لاڈلا گروپ اور 2 کا عذیربلوچ گروپ سے تعلق ہے، پولیس حکام۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں  پولیس اور رینجرز کے مبینہ مقابلوں کے دوران بدھ کو 5ملزمان ہلاک جبکہ 3 فرار ہوگئے۔پولیس نے 2 ڈاکو زخمی حالت میں بھی گرفتار کرلیے۔

پولیس کے مطابق سپر ہائی وے صنعتی ایریا کے علاقے ایوب گوٹھ شاد باغ کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ 2 موقع سے فرار ہوگئے۔ 3  ڈاکو راہگیروں سے لوٹ مارکر رہے تھے پولیس موقع پر پہنچ گئی جسے دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو مارا گیا جس کے قبضے سے ٹی ٹی پستول برآمد ہوا۔ ہلاک ڈاکوکی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ سے اس کی شناخت اعظم علی چنا کے نام سے ہوئی جو اندرون سندھ کا رہائشی تھا۔

ایس ڈی پی او محمود آباد ڈی ایس پی شاہد عباس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں فیصل اور راجا کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے 2 ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ ان کا تیسرا ساتھی غنی موقع سے فرارہوگیا۔ ملزمان اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ علاوہ ازیںلیاری کے علاقے بغدادی علی محمد محلہ میں رینجرز اور پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کا ملزم 30 سالہ نصیرگل ولد سلیم ہلاک ہوگیا جس کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

رینجرز ترجمان کے مطابق مارے جانیوالے ملزم کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ سے ہے جس نے چند روز قبل ایک فوجی اہلکار طارق کو اغوا کے بعد قتل کیا تھا جبکہ ملزم قتل کی 13 وارداتوں کے علاقہ بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان ، منشیات فروشی اور پولیس مقابلوں میں مطلوب تھا۔ دریں اثنا ملیر سٹی کے علاقے آسو گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلے میں لیاری گینگ وار کے عذیر بلوچ گروپ سے تعلق رکھنے والے 2 کارندے ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کیلیے سول اسپتال لائی گئیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونیوالوں کی شناخت اکبر ملیری اور شعیب کے نام سے ہوئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔