پشاور میں مختلف نوعیت کے 4 دھماکوں میں بچوں سمیت 11 افراد زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 19 ستمبر 2014
ہشت نگری کے علاقے رام پورہ گیٹ میں گھر کے اندر سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے میں خاتون اور بچہ زخمی ہوگئے۔  فوٹو: ایکسپریس نیوز

ہشت نگری کے علاقے رام پورہ گیٹ میں گھر کے اندر سلنڈر پھٹنے سے ہونے والے دھماکے میں خاتون اور بچہ زخمی ہوگئے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

پشاور: شہر میں مختلف نوعیت کے 4 دھماکوں میں بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلا دھماکا پھندو روڈ پر ہوا جہاں ایک گھر پر دستی بم حملہ کیا گیا جس سے 4 بچے زخمی ہو گئے، دوسرا دھماکا ہشت نگری کے علاقے رام پورہ گیٹ میں گھر کے اندر سلنڈر پھٹنے سے ہوا جس سے خاتون اور بچہ زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے میں گھر کو بھی نقصان پہنچا۔

پشاور میں ہی تیسرا دھماکا دلہ زاک روڈ گل آباد چوک میں ایک گھر کےعقب میں ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکا خیز مواد کچرے کے ڈھیر میں رکھا گیا تھا جس سے گھر کو بھی نقصان پہنچا، چوتھا دھماکا بڈھ بیر کے علاقے میں ہوا جہاں ایک گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے 5 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔