خود کو کسی سے بھی کمتر نہ سمجھیں، کپتان کی لاہور لائنز کو ہدایت

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 19 ستمبر 2014
اگلے میچز میں جتنا اچھا کھیلے بھارتی کراؤڈ کی اتنی ہی زیادہ سپورٹ ملے گی، حفیظ۔ فوٹو: فائل

اگلے میچز میں جتنا اچھا کھیلے بھارتی کراؤڈ کی اتنی ہی زیادہ سپورٹ ملے گی، حفیظ۔ فوٹو: فائل

حیدرآباد دکن: بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی چیمپئنز لیگ میں شریک لاہور لائنزکے کپتان محمد حفیظ نے اپنے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ خود کو کسی سے بھی کمتر نہ سمجھیں اور اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں۔

ان کی ٹیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ممبئی انڈینز اور سدرن ایکسپریس کو شکست دے کر فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائی،اب اس کا مقابلہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز، چنئی سپرکنگز، ڈولفنز اور پرتھ اسکارچرز سے ہونا ہے۔ حفیظ نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ لاہور لائنز کی کوشش ہوگی کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں اس نے جو اچھی کرکٹ کھیلی اسے آنے والے میچوں میں بھی برقرار رکھا جائے، کھلاڑی پُرجوش اور اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور چنئی سپر کنگز کا تجربہ لاہور لائنز سے کہیں زیادہ ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی میں جس دن آپ اچھا کھیلیں تو ٹیلنٹ کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتا ہے۔ ہماری ٹیم میں صلاحیت موجود ہے، البتہ فیلڈنگ سمیت چند پروفیشنل معاملات پر مزید توجہ دینا ہوگی، ٹیم کے 8،9 کھلاڑی پہلی بار اس طرح کا کوئی بڑا ایونٹ کھیل رہے ہیں، وہ جتنا زیادہ کھیلیں اتنا ہی سیکھیں گے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ کوالیفائنگ میچز میں وہاب ریاض اور اعزاز چیمہ نے اچھی بولنگ کی جبکہ عدنان رسول، آصف رضا اور عمران علی کا کردار بھی اہم ہے۔ عمراکمل نے پہلے میچ میں اچھی بیٹنگ کی جبکہ سعد نسیم کا ٹیلنٹ ڈومیسٹک کرکٹ میں دیکھ چکے ہیں، وہ ایک مکمل کرکٹر ہے لیکن بدقسمتی سے انگلی زخمی ہونے کے سبب بولنگ نہیں کر پایا۔

حفیظ نے کہا کہ بھارت میں کھیلنے کا اپنا ہی مزا ہے، یہاں کے شائقین کرکٹ کے دیوانے اور جب بھی پاکستانی کرکٹرز بھارت آ کر کھیلیں تو بڑی محبت ملتی ہے، ٹورنامنٹ میں چونکہ ہمارا پہلا میچ ممبئی انڈینز سے تھا لہذا شائقین کی ہمدردیاں اسی کے ساتھ تھیں، میزبان کو ہرانے کے بعد شائقین نے لاہور لائنز کی طرف توجہ دینا شروع کر دی، مجھے امید ہے کہ لاہور لائنز آئندہ میچز میں جتنا اچھا کھیلے کراؤڈ کی اتنی ہی زیادہ سپورٹ اسے ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔