سندھ میں نئے انتظامی یونٹ کی مخالفت انتہائی قابل مذمت ہے، الطاف حسین

ویب ڈیسک  جمعـء 19 ستمبر 2014
ہم مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد میں کوئی سودی بازی نہیں کریں گے۔ الطاف حسین، 
فوٹو: فائل

ہم مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد میں کوئی سودی بازی نہیں کریں گے۔ الطاف حسین، فوٹو: فائل

لندن: ایم کیوایم کے قائد لطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جبکہ سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کرنا انتہائی قابل مذمت ہے ۔

ایم کیوایم کے اعلامیہ کے مطابق کراچی اور سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے طلبا، اساتذہ اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم مظلوم عوام کے آئینی ، قانونی اور جمہوری حقوق کی جدوجہد میں کسی بھی قسم کی سودے بازی نہیں کرے گی اور میں آخری دم تک اردو بولنے والوں کے ساتھ ساتھ ملک بھرکے مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قومی یکجہتی ، اتحاد ومحبت، بھائی چارے ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کا درس دیا ہے اورمیری دلی خواہش ہے کہ پاکستان سے دوفیصد مراعات یافتہ طبقے کی حکمرانی کاخاتمہ ہو اور ملک بھرمیں 98 فیصد غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی قائم ہو۔

الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،جوعناصر ملک کے دیگرحصوں میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کررہے ہیں لیکن صوبہ سندھ میں کسی بھی قسم کی تقسیم یا نتظامی بنیادوں پر یونٹس بنانے کی مخالفت کررہے ہیں وہ یقیناً نفرت انگیز اوردوعملی ہے ، اگر ملک بھر میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے تو یہ عمل صوبہ سندھ میں کیوں نہیں کیاجاسکتا تاہم سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی مخالفت کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اجداد نے پاکستان کے قیام کیلئے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کیے ہم اس آزادوطن میں نہ تو کسی کے آقابننا چاہتے ہیں اورنہ ہی ہمیں جاگیرداروں اوروڈیروں کاغلام بنناقبول ہے ۔

ایم کیوایم کے قائد کا کہنا تھا کہ کسی کوبھی یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ کسی طبقہ آبادی کی بے عزتی کرے یا اسے اپنا غلام تصورکرے ، اگرکوئی ایسا کرتا ہے تو مظلوم عوام کو آئینی ، قانونی اورجمہوری حق حاصل ہے کہ وہ اپنی عزت ، وقار اور حقوق کیلئے اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کرے اور منظم ہوکرجدوجہد کرے۔ الطاف حسین نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اورنام نہاد جمہوریت پسند جماعتوں کو سندھ کے شہری علاقوں کے عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور ان کے حقوق غصب کرنے کا عمل دکھائی نہیں دیتا، ملک میں جاگیرداروں اور وڈیروں نے اپنی ذاتی جیلیں اور عقوبت خانے بنارکھے ہیں جن کے خلاف کسی بھی جانب سے مذمت نہیں کی جاتی۔ الطاف حسین نے کہا کہ ماضی میں ریاستی طاقت کاناجائز استعمال کرکے ایم کیوایم کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی گئی لیکن ایم کیوایم کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کرسکتی۔ الطاف حسین نے کہا کہ ہم محروم ومظلوم عوام کے حقوق کیلئے پرامن جمہوری جدوجہد کررہے ہیں، ہم اپنی جانیں قربان کردیں گے لیکن کسی باطل قوت کے آگے سرنہیں جھکائیں گے۔

کیا ملک میں انتظامی لحاظ سے مزید نئے صوبے بننے چاہیئں؟

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔