ایئر فرانس کے ہڑتالی پائلٹوں نے ہڑتال میں توسیع کی دھمکی دے دی

ویب ڈیسک  جمعـء 19 ستمبر 2014
انتظامیہ کم تنخواہوں پر پائلٹس بھرتی کرنا چاہتی ہے جو کسی صورت قبول نہیں، پائلٹ یونین   فوٹو؛فائل

انتظامیہ کم تنخواہوں پر پائلٹس بھرتی کرنا چاہتی ہے جو کسی صورت قبول نہیں، پائلٹ یونین فوٹو؛فائل

پیرس: فرانس کی سب سے بڑی فضائی کپمنی ایئر فرانس کے پائلٹس یونین نے دھمکی دی ہے کہ اگر تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ نہ کیا گیا تو ہڑتال میں مزید توسیع کردی جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایئر فرانس کی پائلٹ یونین کی جانب سے مراعات اور تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے پر گزشتہ ایک ہفتے سے ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اس دوران کمپنی کو 10 سے 15 ملین یورو کا نقصان ہوچکا ہے۔ ایئر فرانس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پائلٹس کی ہڑتال کے باعث کمپنی کی 55 فیصد فلائٹس بند ہوچکی ہیں جبکہ پائلٹ یونین نے بھی دھمکی دی ہے کہ اگر مطالبات منظور نہ کئے گئے تو ایک ہفتے سے جاری ہڑتال میں مزید توسیع کردی جائے گی۔

دوسری جانب پائلٹ یونین سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد ایئر فرانس نے دوسری ایئرلائن ٹرانساویا فرانس کے پائلٹس سے رابطے شروع کردیئے جو ایئر فرانس کے پائلٹس کے مقابلے میں کم تنخواہیں وصول کر رہے ہیں جبکہ ایئر فرانس کے پائلٹوں کو خدشہ ہے کہ انتظامیہ کم تنخواہوں پر پائلٹس بھرتی کرنا چاہتی ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔ ایئر فرانس کے چیف ایگزیکٹیو الیگزینڈر جونیک کا کہنا ہے کہ پائلٹ یونین سے بات چیت کے لئے تیار ہیں تاہم یونین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ 100 سے زائد سیٹوں پر مشتمل طیارے کے انتظامات پائلٹوں کو دیا جائے۔

واضح رہے کہ ایئر فرانس کے پائلٹ کم سے کم سالانہ 2 لاکھ 50 ہزار یورو تنخواہ وصول کرتے ہیں جبکہ انتظامیہ اخراجات میں کمی کے لئے کم قیمت پر پائلٹس کی بھرتیوں کی خواہاں ہے اور پائلٹ یونین کی جانب سے کی جانے والی ہڑتال 1998 کے بعد سے دوسری سب سے بڑی ہڑتال تصور کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔