مقبوضہ کشمیر میں بھی اسکاٹ لینڈ طرز کا ریفرنڈم کرایا جائے، سید علی گیلانی

ویب ڈیسک  جمعـء 19 ستمبر 2014
بھارت برطانیہ کے اس عمل سے سبق سیکھتے ہوئے کشمیریوں کو بھی حق خود ارادیت دے، سید علی گیلانی، فوٹو فائل

بھارت برطانیہ کے اس عمل سے سبق سیکھتے ہوئے کشمیریوں کو بھی حق خود ارادیت دے، سید علی گیلانی، فوٹو فائل

سری نگر: اسکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم کو سراہتے ہوئے حریت پسند رہنماوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسا ہی ریفرنڈم مقبوضہ کشمیر میں بھی کرایا جائے۔

بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری کرادار اب بھی برطانیہ میں زندہ ہے، آزادی کا انتخاب کرنا ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور اسے کسی بھی قوم سے نہیں چھیننا چاہئے جب کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں یہ غیر جمہوری رویہ گذشتہ 60 سال سے اختیار کر رکھا ہے جو غیرانسانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت برطانیہ کے اس طرز عمل سے سبق سیکھتے ہوئے کشمیریوں کو بھی حق خود ارادیت دے۔

حزب المجاہدین کے رہنما عزیر احمد نے بھی اسکاٹ لینڈ ریفرنڈم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ریفرنڈم کو کشمیری جددوجہد کے لیے رول ماڈل بنانا چاہئے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ گذشتہ 6 دہائیوں سے استصواب رائے کا حق مانگ رہے ہیں اوراس کے لیے جاری تحریک میں اب تک ہزاروں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرچکے ہیں لیکن اقوام متحدہ کی قراردادوں کےباوجود بھارت کشمیر میں استصواب رائے کرانا کے لیے تیار نہیں۔۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔