ٹریفک حادثات اور واقعات میں خاتون سمیت 8 افراد ہلاک، 2 زخمی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 20 ستمبر 2014
رکشا الٹنے سے ڈرائیور اور خاتون جاں بحق، ایک شخص مکان کی چھت سے گرگیا، کوچ کی ٹکر سے عبدالعزیز ہلاک، سمندر سے لاش ملی۔  فوٹو: فائل

رکشا الٹنے سے ڈرائیور اور خاتون جاں بحق، ایک شخص مکان کی چھت سے گرگیا، کوچ کی ٹکر سے عبدالعزیز ہلاک، سمندر سے لاش ملی۔ فوٹو: فائل

کراچی: مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات ودیگرواقعات میں خاتون سمیت 8 افراد ہلاک اور خاتوں سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق جوہر موڑ ملینیم مال کے قریب تیز رفتار رکشا ڈرائیور سے بے قابو ہر کر فٹ پاتھ سے ٹکرا کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشے کا ڈرائیور26 سالہ بشیر حسن اور ایک مسافر خاتون 24 سالہ زوفی شان ہلاک جبکہ دوسری خاتون 22 سالہ زوبیز فاطمہ زخمی ہوگئی، ہلاک و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،ایس ایچ او شاہراہ فیصل انسپکٹر سجاد حیدر نے بتایا کہ متوفی ڈرائیور بشیر حسن بلوچ کالونی پل کے نیچے عمرکالونی جبکہ متوفیہ زوفی شان سیکٹر 14/B نیوکراچی کی رہائشی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ رکشے کا بریک فیل ہوگیاتھا جس کے باعث ڈرائیور سے بے قابو ہوگیا، ہلاک ہونے والوں کی لاشیں پولیس کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں،سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی سیکٹر 36 مارکیٹ کے قریب تیز رفتار مسعود کوچ کی ٹکر سے 35 سالہ عبدالعزیز ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی سرجانی ٹاؤن سیکٹر 36/G کا رہائشی تھا ، حادثے کا ذمے دار کوچ کا ڈرائیو موقع سے فرار ہو گیا پولیس نے کوچ قبضے میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔

ڈیفنس فیز 6 خیابان اتحاد شاہین کراسنگ کے قریب جمعہ کی دوپہر تقریبا 2 بجے تیز رفتار موٹر سائیکل کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں اس پر سوار21 سالہ سائرہ کاظمی دختر قاسم کاظمی ہلاک اور 24 سالہ ہمایوں ولد ضیا زخمی ہوگئے، ہلاک و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال لایا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق ہمایوں بھی نجی اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والی لڑکی اور لڑکا نیکسر کالج کے طالب علم اور ڈیفنس خیابان بخاری کے رہائشی تھے،کلفٹن سی ویو دو دریا کے مقام سے دوپہر 2 بجکر 5 منٹ پر ایک شخص کی سمندر میں ڈوبی ہو ئی لاش ملی،اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا،پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 25 سالہ عمیر ولد غضنفر کے نام سے کرلی گئی،متوفی سمندر میں نہاتے ہو ئے ڈوب کر ہلاک ہوا۔

متوفی کورنگی کا رہائشی تھا،گلشن اقبال کے علاقے میں زیرتعمیر مکان کی چھت سے گر کر60 سالہ نجم الدین ہلاک ہوگیا،متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد ورثا لاش پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے، پولیس نے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا، لانڈھی مرتضیٰ چورنگی کے قریب چھپڑا ہوٹل میں کام کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے 25 سالہ عبدالکریم ہلاک ہوگیا، بلدیہ ٹاؤن نمبر9 میں گاڑی کی ٹکر سے 28 سالہ محمد طاہر ولد اﷲ بخش زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔