سرمایہ کاری بورڈ میں ارسلان افتخار کی تقرری غلط فیصلہ تھا، وزیراعلیٰ بلوچستان کا اعتراف

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 ستمبر 2014
بلوچستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری کے واقعات پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیابی ہوئی ہے،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، فوٹو:فائل

بلوچستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری کے واقعات پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیابی ہوئی ہے،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، فوٹو:فائل

اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے صاحبزادے ارسلان افتخار کی بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ میں بطور وائس چیرمین تقرری کو اپنا غلط فیصلہ قرار دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل پارٹی ورکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ میں ارسلان افتخار کی بطور وائس چیرمین تقرری کا فیصلہ غلط تھا جو واپس لے لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایسا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں جس کے ذریعے بلوچ جنگجوؤں سے مذاکرات کی راہ ہمور ہوسکے جبکہ لاپتا فراد کے معاملے پر بھی وفاق سے بات کررہے ہیں۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری کے واقعات پر قابو پانے میں کافی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔