انچیون گیمز 2014؛ جنوبی کوریا نے چین سے تھوڑی سی خوشیاں چرالیں

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  اتوار 21 ستمبر 2014
ایشین گیمز: ڈوئٹ فری روٹین سنکرونائزڈ سوئمنگ ایونٹ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے والی پلیئرز میڈلز پہنے پوز دے رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ایشین گیمز: ڈوئٹ فری روٹین سنکرونائزڈ سوئمنگ ایونٹ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے والی پلیئرز میڈلز پہنے پوز دے رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

انچیون: ایشین گیمز کے ابتدائی روز جنوبی کوریا نے چین سے تھوڑی سی خوشیاں چرالیں، میزبان ملک میڈلز کی دوڑ کے آغاز پر’ایشیاڈ سپرپاور‘ سے 2 قدم آگے رہا، سائیکلنگ، شمشیر زنی، گھڑ سواری اور ووشو میں سونے کے تمغے سمیٹے، ایونٹ کا پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے چین کی شوٹنگ میں بادشاہت قائم رہی، مینز 50 میٹر پسٹل میں بھارت کے آرمی شارپ شوٹر جیتو رائے کا نشانہ بھی اپنے ہدف پر لگا۔

تفصیلات کے مطابق 17ویں ایشین گیمز کے آغاز کے ساتھ میڈلز کی دوڑ شروع ہوگئی،ابتدائی روز زیادہ تر حکمرانی چین کی ہی رہی لیکن مینز ٹیم اسپرنٹ (سائیکلنگ) اور مینزایپی (شمشیر زنی) میں ملنے والے 2 سونے کے تمغوں کی وجہ سے اس کے گولڈز کی تعداد چین کے ہی برابر پانچ ہوگئی، مجموعی طور پر 13 میڈلز میں چاندی کے بھی پانچ اور کانسی کے تین ہیں، چین 11 میڈلز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، اس نے چاندی کا ایک اور کانسی کے پانچ میڈلز جیتے۔ مجموعی طور پر پہلے دن 18 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا۔

جنوبی کوریا کہ یہ برتری صرف ایک دن کی مہمان قرار دی جارہی ہے، گذشتہ ایشین گیمز میں چین نے 199 گولڈ میڈلز جیتے تھے، گذشتہ تین دہائیوں سے ان گیمز پر چینی بادشاہت ہی قائم ہے، اس بار بھی دن کا پہلا گولڈ اس کے ہی نام رہا، جب ویمنز 10 میٹر ایئرپسٹل ٹیم ایونٹ میں گیو وینجون، ژانگ مینیونگ اور ژو چنگوئین نے کامیابی حاصل کی۔ شوٹنگ میں ہی چین کو 2 مزید گولڈ میڈلز ملے، ویمنز انفرادی 10 میٹر ایئر پسٹل میں کامیابی سے ژانگ مینیونگ رواں ایشیاڈ کی پہلی ڈبل گولڈ میڈلسٹ بنیں، 50 میٹر پسٹل مینز ٹیم ایونٹ میں بھی چین نے برتری پائی۔

سنکرونائزڈ سوئمنگ اور ویمنز ٹیم اسپرنٹ میں بھی طلائی تمغے چینی ایتھلیٹس کے گلوں کی زینت بنے۔ جنوبی کوریا نے اپنا سونے کا تمغہ ووشو میں لی ہا سنگ کی کامیابی کی بدولت حاصل کیا، یہ اس کا 002 کے بعد پہلا ایشیائی گولڈ ہے۔ مینز ایپی میں جنگجن سن نے کوریا کو ایشین چیمپئن بنایا، ویمنز شمشیر زنی میں کوریا کی جنگ اینو جنگ فاتح رہیں۔

جوڈو مینز 60 کے جی میں قازقستان کے یلدوس سمیٹوف نے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ مینز 66 کے جی میں منگولیا کے تیمورخلیگ دیودروج فاتح رہے، ویمنز 48 کے جی جوڈو میں بھی منگولیا کی اران ٹسیگ منخبت نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ویمنز 52 کے جی میں جاپان کی میساٹو ناکامورا نے میدان مارا۔ مینز 50 میٹر پسٹل شوٹنگ میں بھارت کے فوجی شارپ شوٹر جیتو رائے نے وکٹری اسٹینڈ پر ٹاپ پوزیشن لی۔ ویٹ لفٹنگ میں قازقستان کی مارگریٹا یلیسیوا نے فتح پائی، مینز 56 میں شمالی کوریا کے اوم یون چول نے گولڈ میڈل پایا۔ ووشو میں ویمنز آل رائونڈ میں ملائیشیا کی تائی چیو زین نے کامیابی حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔