گوانگژو ٹینس میں مونیکا نیکو لسیکو نے ٹرافی حاصل کرلی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  اتوار 21 ستمبر 2014
رومانیہ کی مونیکا نیکولیسکو گوانگژو ویمنز ٹینس کی وننگ ٹرافی تھامے مسکرارہی ہیں، فائنل میں کورنیٹ ہارگئیں۔ فوٹو: اے ایف پی

رومانیہ کی مونیکا نیکولیسکو گوانگژو ویمنز ٹینس کی وننگ ٹرافی تھامے مسکرارہی ہیں، فائنل میں کورنیٹ ہارگئیں۔ فوٹو: اے ایف پی

گوانگژو / سیئول / ٹوکیو: گوانگژو ویمنز ٹینس کی ٹرافی رومانیہ کی مونیکا نیکو لیسکو نے حاصل کرلی، فائنل میں فرنچ حریف آلیز کورنیٹ کو شکست ہوگئی۔

اس کامیابی کی بدولت عالمی درجہ بندی میں ان کی 60ویں پوزیشن میں آئندہ ہفتے بڑی بہتری یقینی ہے، کورین اوپن میں امریکا کی وارویرا لیپچنکو نے 28 برس کی عمر میں کیریئر کا پہلا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا، انھوں نے سیمی فائنل میں کرسٹینا میک ہیل کو ٹھکانے لگایا، ماریا کریلنکو کی کہانی کیرولینا پلسکوواکے ہاتھوں تمام ہوگئی، پین پیسفک ٹرافی کیلیے کیرولین ووزینسکی اور اینا ایوانووک میں ٹکراؤ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق گوانگژو ویمنز ٹینس کی ٹرافی رومانیہ کی مونیکا نیکو لیسکو نے جیت لی، یہ ان کے کیریئر کی تیسری ٹائٹل فتح ہے تاہم اس کیلیے انھیں 2برس انتظار کرنا پڑا، مونیکا نے ہوبارٹ میں 2012 اور اس سے قبل 2009 میں ہنگری میں ڈبلیوٹی اے ایونٹ اپنے نام کیا تھا، عالمی درجہ بندی میں ان کی 60ویں پوزیشن میں آئندہ ہفتے بڑی بہتری یقینی ہے، مونیکا نیکولیسکو نے ٹائٹل میچ میں فرنچ حریف آلیز کورنیٹ کو 6-4 اور6-0 سے زیرکیا، ڈبلز ٹرافی میچ میں چینی جوڑی چیاجونگ چوانگ اور چین لیانگ نے فرانس کی آلیز کورنیٹ اور پولش پلیئر میگڈا لینٹی کو 2-6، 7-6(7/3) اور10-7 سے ہرایا۔

کورین ویمن ٹینس کے سیمی فائنلز میں کیرولینا پلسکووا نے ماریا کریلنکو کو 4-6 ، 7-6(7/5) اور6-3 سے مات دی، وارویرا لپچنکو نے فتوحات کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنالی، لیپچنکو نے 28 برس کی عمر میں کیریئر میں پہلی مرتبہ کسی ڈبلیو ٹی ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی، ازبکستان میں پیدا ہونے والی امریکی پلیئر لیپچنکو نے سیمی فائنل میں ہموطن کرسٹینا میک ہیل کیخلاف ابتدائی سیٹ ہارنے کے باوجود زبردست کم بیک کرتے ہوئے  3-6 ،6-1 اور7-6(7/5) سے کامیابی سمیٹی، انھوں نے کوارٹر فائنل میں دفاعی چیمپئن اگنیسکا ریڈوانسکا کو بھی ٹھکانے لگایا تھا۔

پین پیسفک ویمنز ٹینس میں سنگلز ٹرافی کیلیے کیرولین ووزینسکی اور اینا ایوانووک مدمقابل آئیں گی، سربین اسٹار اینا ایوانووک نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ جرمن حریف اینجلیک کیربر کو اسٹریٹ سیٹ میں 7-5 اور6-3 سے مات دی، ڈینش اسٹار نے اسپین کی گاربین مگروزا کو ڈھائی گھنٹے کے بھرپور مقابلے میں 6-4 ،2-6 اور6-2 سے قابو کرلیا۔ادھر فرانس کے شہر میٹز میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں 6 سیڈ پرتگالی پلیئر جوآؤ سوسا نے سیمی فائنل میں سیکنڈ سیڈ گیل مونفلز کو 7-6 (8/6) اور6-2 سے ہرادیا، فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میں 8 سیڈ ڈیوڈ گوفن نے جرمن حریف جین لینارڈ اسٹرف کو 7-6(7/4) اور6-3 سے قابو کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔