سری لنکا کیخلاف کامیابی حوصلہ افزا ہے، ہاکی کپتان

میاں اصغر سلیمی / اسپورٹس رپورٹر  اتوار 21 ستمبر 2014
آج چین کو زیر کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی آسان بنانا چاہتے ہیں، محمد عمران۔ فوٹو: فائل

آج چین کو زیر کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی آسان بنانا چاہتے ہیں، محمد عمران۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے سری لنکا کیخلاف بڑے مارجن سے کامیابی کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے، انھوں نے کہا کہ اتوار کو چین کیخلاف دوسرے گروپ میچ میں بھی فتح حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن کرنا چاہتے ہیں۔

کوریا کے شہر انچیون سے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے قومی کپتان نے کہا  کہ 10 ماہ سے انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل سکے جس کی وجہ سے گرائونڈ میں اترنے سے قبل پلیئرز پر کچھ دبائو ضرور تھا، البتہ ہم نے جس انداز میں تیاریاں کر رکھی تھیں اس سے کمزور حریف کیخلاف بڑے مارجن سے فتح کی امید روشن تھی۔انھوں نے کہا کہ دیگر کھیلوں کی طرح ہاکی میں بھی کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی،گو سری لنکن سائیڈ کرکٹ طرح زیادہ مضبوط نہیں لیکن اس کے باوجود  ہمیں سخت مزاحمت کا سامنا رہا۔

محمد عمران نے کہاکہ میچ کی سب  سے خاص بات یہ ہے کہ کھلاڑیوں نے فیلڈز گول کے ساتھ ساتھ پنالٹی کارنرز کے شعبے میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ قومی کپتان نے  کہا کہ اتوار کوچین کے خلاف شیڈول میچ خاصا اہمیت کا حامل ہے،  حریف ٹیم کے پلیئرز یونٹ بن کر کھیلتے ہیں،  میری رائے میں پاکستان  کی جیت کے 60  فیصد امکانات ہیں، اگر ہم نے جیت کو گلے لگانا ہے تو گیندکو زیادہ سے زیادہ اپنے قبضے میں رکھنا ہوگا۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ فی الحال بھارت کیخلاف میچ کے حوالے سے نہیں سوچ رہے،اتنا ضرور کہوں گا کہ روایتی حریفوں کے میچ کا اپنا ہی مزہ ہے ہم اسے بھی ہرانے کیلیے پُرعزم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔