لاہور میں قومی ایئرلائن کی پرواز کا عملہ اسمگلنگ کے الزام میں زیر حراست

ویب ڈیسک  اتوار 21 ستمبر 2014
موبائل فون اور نقد غیر ملکی کرنسی کی برآمدگی پر کسٹم حکام نے پرواز کے مسافر اور عملے سے تفتیش شروع کردی ہے۔  فوٹو: فائل

موبائل فون اور نقد غیر ملکی کرنسی کی برآمدگی پر کسٹم حکام نے پرواز کے مسافر اور عملے سے تفتیش شروع کردی ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: علامہ اقبال ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے لندن سے آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز سے بیش قیمت موبائل فون اور غیر ملکی کرنسی برآمد ہونے پر عملے کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لندن سے آنے والی قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 758 کے ایک مسافر کے سامان سے بیش قیمت موبائل فون برآمد ہوئے جنہیں ڈیوٹی ادا کئے بغیر اسمگل کیا جارہا تھا ، دوران حراست اس مسافر نے ان موبائل فون کو پرواز ہی میں موجود ایک ایئرہوسٹس کی ملکیت قرار دیا جس پر کسٹم حکام نے عملے کے  سامان کی تلاشی لی تو ان کے سامان سے دیگر چیزیں بھی برآمد ہوئیں، اس کے علاوہ طیارے کے پائلٹ عامر ہاشمی سے 5ہزار برطانوی پاؤنڈ برآمد ہوئے۔

رقم کی برآمدگی پر عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ یہ رقم ان کی ذاتی ہے جس پر کسٹم حکام کا موقف تھا کہ ملک کے قوانین کے تحت کوئی بھی شہری اتنی بڑی رقم مقررہ قانونی کارروائی کے بغیر نہیں لاسکتا ۔ کسٹم حکام نے عامر ہاشمی سمیت پرواز کے دیگر عملے کو بھی حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔