امیتابھ کے شو میں نرولا بھائیوں نے پہلی مرتبہ 7 کروڑ جیت لیے

نیٹ نیوز  پير 22 ستمبر 2014
کون بنے گا کروڑ پتی شو میں دہلی کے اچن ار سارتھک نرولا کئی بار فائنلسٹوں میں آئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

کون بنے گا کروڑ پتی شو میں دہلی کے اچن ار سارتھک نرولا کئی بار فائنلسٹوں میں آئے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ممبئی: دہلی کے دو بھائی اچن نرولا اور سارتھک نرولا بھارت کے معروف ٹی وی شو ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ (کے بی سی) میں سات کروڑ روپے جیتنے والے پہلے ’’مہا کروڑپتی‘‘ بن گئے ہیں۔

دہلی کے اچن نرولا گذشتہ 10 سال سے کے بی سی میں آنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس بار اچن نرولا کا نہ صرف کے بی سی میں آنے کا خواب پورا ہوا بلکہ انھوں نے ہندوستانی ٹی وی پر اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم بھی جیتی۔ اچن ایک کمپنی کی مارکیٹنگ سے منسلک ہیں جب کہ ان کے بھائی سارتھک ابھی اپنی تعلیم پوری کرنے میں لگے ہیں۔اچن گزشتہ تین سال سے کے بی سی کے فائنلسٹوں میں آنے سے رہ جاتے تھے۔ اس بار جب ان کا نمبر آیا تو ان کے اس خواب کو پورا کرنے کے لیے ان کے ساتھ ان کے بھائی بھی موجود تھے۔

دونوں نے شو کے میزبان امیتابھ بچن کے 14 سوالات کا سامنا کیا اور آج تک کی سب سے بڑی انعامی سات کروڑ حاصل کیا۔ اس انعامی رقم سے دہلی کے نرولا برادران اپنی ماں کا علاج کرنا چاہتے ہیں‘ ان کی ماں کینسر کی مریضہ ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں اپنا گھر بھی واپس خریدنا چاہتے ہیں جسے ان کے والد نے کاروبار میں نقصان کی وجہ سے فروخت کر دیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق نرولا برادران نے اپنے کھیل سے نہ صرف شو خالق سدھارتھ باسو کو متحیر کردیا کیا بلکہ ہاٹ سیٹ پر بیٹھ کر سوال پوچھنے والے اور شو کر میزبان امیتابھ بچن کو بھی ششدر کرنے میں کامیاب رہے۔ امیتابھ بچن نے کہا ’’نرولا بھائیوں کا کھیل غضب کا تھا۔ وہ شاید یہ سات کروڑ روپے بغیر کسی لائف لائن کے بھی جیت سکتے تھے‘ ہر سوال کے جواب سے پہلے جو ان کے دلائل ہوتے تھے، میں اس سے کافی متاثر ہوا‘‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔