ایشین گیمز، جمناسٹکس مقابلوں میں جاپان نے فیورٹ چین کو اپ سیٹ کردیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 22 ستمبر 2014
مینز ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ، جنوبی کوریا چاندی کا تمغہ لے اڑا، دوسرے دن بھی میزبان ایتھلیٹس چھائے رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

مینز ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ، جنوبی کوریا چاندی کا تمغہ لے اڑا، دوسرے دن بھی میزبان ایتھلیٹس چھائے رہے۔ فوٹو: اے ایف پی

انچیون: 17 ویں ایشین گیمز کے جمناسٹکس مینز ٹیم ایونٹ میں جاپان نے فیورٹ چین کو اپ سیٹ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا،جنوبی کوریا نے سلور جبکہ چین نے برانز میڈل پر اکتفا کیا ہے۔

اتوار کو مقابلوں کے اختتام پر میڈلز ٹیبل پر میزبان جنوبی کوریا کی برتری قائم رہی، جس نے 12 سونے،10 چاندی اور9 کانسی کے تمغے جیتے ہیں، چین تیزی سے ان کا تعاقب جاری رکھے ہوئے، اس نے اب تک 12گولڈ،9 سلور اور11 برانز میڈلز اپنے قبضے میں کیے ہیں، جاپان مجموعی طور پر 26 تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جس میں 7طلائی، 8 نقرئی اور11 کانسی کے میڈلز موجود ہیں،منگولیا نے چوتھے اور قازقستان پانچویں نمبروں پر ہیں۔

تلوار بازی کے مینز سیبری انفرادی مقابلوں میںجنوبی کوریا کے گوبونگ فاتح رہے، ویمنز فوائل انفرادی ایونٹ میں جنوبی کوریا کی جیون ہی سوک نے سونے کا تمغہ گلے کی زینت بنالیا، جوڈو مینز 73کے جی میں جاپان کے ہیرو یوکی اکیموٹو نے فتح سمیٹی، 81 کے جی میں جنوبی کوریا کے کم جائی بوم نے گولڈ میڈل پایا، ویمنز 57 کے جی میں جاپان کی اینزو یامیماٹو نے طلائی تمغہ اپنے قبضے میں کیا،ویمنز 63 کے جی میں میزبان ملک کی جونگ ڈا وون نے سونے کا میڈل جیتا، ویمنز70 کے جی میں کم سیونگ یون نے کامیابی پائی، شوٹنگ کے ٹیم 10 میٹر ایئرپسٹل ایونٹ میں جنوبی کوریا نے طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔

ٹریپ ٹیم میں چین اول نمبر پر رہا، ٹریپ انفرادی میں چین کے ہی گاؤ بو نے کامیابی پائی، سوئمنگ کے مینز200 میٹر بٹرفلائی میں جاپان کے ڈائیا سیٹو نے سونے کا تمغہ پایا، 100 میٹر بیک اسٹروک میں ریسوک ایری نے سب پر برتری ثابت کی، ویمنز 400 میٹر فری اسٹائل ایونٹ میں چین کی ژانگ یوآن نے گولڈ میڈل جیتا، 100 میٹر بریسٹ اسٹروک میں ان کی ہموطن شی جنگلن نے میدان مارلیا، 4×100 میٹر فری اسٹائل ریلے میں چینی ٹیم فتحیاب رہی، ٹریک سائیکلنگ مینز ٹیم پرسوئٹ میں چین نے پہلی پوزیشن پائی،ووشو مینز میں ڈائوشو اینڈ گونشو آل رائونڈ ایونٹ میں چین کے سو پیان نے فتح پائی، ویمنز میں ویتنام کی ڈوانگ ٹوئی وی نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔