قومی ٹی 20 کرکٹ، سیالکوٹ نے کراچی ڈولفنز کو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 22 ستمبر 2014
اسٹالینز 9 وکٹ سے فتحیاب، مختار کی آل راؤنڈ پرفارمنس پیش کرتے ہوئے سنچری بنانے کے بعد 3 وکٹیں بھی لے اڑے۔ فوٹو: فائل

اسٹالینز 9 وکٹ سے فتحیاب، مختار کی آل راؤنڈ پرفارمنس پیش کرتے ہوئے سنچری بنانے کے بعد 3 وکٹیں بھی لے اڑے۔ فوٹو: فائل

کراچی: قومی ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں سیالکوٹ اسٹالینز نے کراچی ڈولفنز کو9 وکٹ سے مات دیکر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

مختار احمد نے آل راؤنڈ پرفارمنس دیتے ہوئے ناقابل شکست سنچری سے قبل 3 وکٹیں بھی اڑائیں، سیالکوٹ نے لیگ کے تمام چاروں میچز جیت کرگروپ ’ اے‘ میں ٹاپ پوزیشن کے ساتھ سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا، لاڑکانہ بلز فتح کا ذائقہ چکھنے سے محروم رہی، آخری مقابلے میں حیدرآباد ہاکس نے بھی 7 وکٹ سے پچھاڑدیا، ملتان ٹائیگرز نے راولپنڈی ریمز کو 8 وکٹ سے دبوچ لیا،ٹائیگرز بھی گروپ ’بی ‘ سے فائنل فور میں پہنچ گئے، عمرامین کی ففٹی رائیگاں گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹی 20 میں سیالکوٹ اسٹالینز نے کراچی ڈولفنز کو9 وکٹ سے مات دیکر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا، مہمان ٹیم نے 15.4 اوورز میں ایک وکٹ پر 155رنز بناکر فتح سمیٹ لی، مختار احمد نے 48 گیندوں پر 100 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 4 چھکے شامل رہے، حارث سہیل 28رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، اولین وکٹ شاہد آفریدی کے حصے میں آئی، جنھوں نے 20 رنز بنانے والے منصور امجد کو ایل بی ڈبلیو کیا، اس سے قبل ڈولفنز نے مقررہ اوورز میں8 وکٹ پر 150رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اسد شفیق کے 34رنز نمایاں رہے، آفریدی نے 14 گیندوں پر 19 رنزبنائے، فواد عالم  16 اور رمیز راجہ 12رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، مختار احمد نے 3 جبکہ عدیل ملک اور بلاول بھٹی نے 2،2 شکار کیے۔

دوسرے مقابلے میں حیدرآباد ہاکس نے لاڑکانہ بلز کو7وکٹ سے پچھاڑ دیا، ناکام سائیڈ نے 7وکٹ پر 151رنز جوڑے، غلام یاسین اور ایاز جمالی نے 37،37 اور احسن علی اور غلام یاسین بھی 23،23 کی قابل ذکر اننگز کھیلیں، فرحان ایوب اور نعمان علی نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا، ہاکس نے ہدف ایک اوور قبل 3 وکٹ پر 154رنز بناکر حاصل کرلیا، عظیم گھمن نے ناقابل شکست ففٹی بنائی، وہ 41 گیندوں پر 50 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، ان کی اننگز میں 3چوکے اور ایک سکسرشامل رہا، انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیاگیا، عظیم گھمن اور فیصل اطہر نے 72رنز کی شراکت بنائی ، فیصل اطہر47 ، شرجیل خان 28 اور شعیب لغاری 23 رنز بناکر نمایاں رہے، زاہد محمود نے 2 وکٹیں لیں۔

راولپنڈی ریمز کو ملتان ٹائیگرز نے 8 وکٹ سے دبوچ لیا، ریمز نے پہلے کھیل کر 5 وکٹ پر 162رنز اسکور بورڈ پر سجائے، عمرامین نے 72رنز ناٹ  آئوٹ بنائے، حماد اعظم نے 30 گیندوں پر 41رنز بٹورے، محمد عرفان نے 24رنز کے عوض 3 وکٹوں کا سودا کیا،  ٹائیگرز نے ہدف 14 اوورز میں2 وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، صہیب مقصود51 اور گلریز صدف35 پر ناقابل شکست رہے، ان کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 24 گیندوں پر 57رنز کی شراکت بنی، زین عباس50 اورذیشان اشرف21 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، ناصر ملک اور اویس ضیا نے ایک ایک پلیئر کو پویلین چلتا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔