کراچی میں بدامنی کی لہر برقرار، فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران 7 افراد ہلاک

اسٹاف رپورٹر  پير 22 ستمبر 2014
اورنگی میں پریشان چوک کے قریب فائرنگ سے 35سالہ طارق مارا گیا، لیاری تغلق لائن اور قلندریہ چوک کے قریب 2لاشیں ملیں، متعدد زخمی۔ فوٹو: فائل

اورنگی میں پریشان چوک کے قریب فائرنگ سے 35سالہ طارق مارا گیا، لیاری تغلق لائن اور قلندریہ چوک کے قریب 2لاشیں ملیں، متعدد زخمی۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 7 افراد ہلاک اور خاتون سمیت 11 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق عزیزآباد کے علاقے حسین آباد نمبر 2 بسم اﷲ لاثانی لاہوری ہوٹل پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے24 سالہ ساجدعرف مستانہ،30سالہ عمران عرف تاؤ، 28 سالہ محمد نوید، 24 سالہ بلال اور25سالہ نوازشریف شدید زخمی ہوگئے،فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں محمد عمران ،محمد نوید اور محمد ساجددوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے، واقعے کے بعدعلاقے میں خوف ہراس پھیل گیا الصبح کھلنے والی دکانیں اور چائے کے ہوٹل بند ہو گئے ،مقتول ساجد عرف مستانہ اور عمران عرف تاؤ متحدہ قومی موومنٹ کے سابق کارکن تھے، کچھ عرصے قبل ان کے خلاف بھتے کی شکایت پر بنیادی رکنیت سے ختم کر دی گئی تھی، محمد عمران ،محمد نوید کریم آباد بلاک 3 کے رہائشی تھے محمدعمران پان چھالیہ اور دیگر سامان دکانوں پرسپلائی کرنے کا کام کرتا تھا اور ایک بچے کا باپ تھا، جبکہ محمد نوید غیر شادی شدہ اورگارمنٹ کی دکان پر ملازمت کرتا تھا جبکہ محمد ساجد کچھ عرصہ قبل کریم آباد بلاک 3 سے گلشن اقبال13/Dمیں شفٹ ہواتھا، مقتول غیرشادی شدہ تھا۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر10فقیرکالونی پریشان چوک کے قریب موٹرسائیکل سوارملزمان کی فائرنگ سے35سالہ سلیم طارق ہلاک اور اس کادوست40سالہ حنیف شدیدزخمی ہوگیا،ہلاک وزخمی ہونے والوں کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا،مقتول اورمضروب مذکورہ علاقے کے رہائشی تھے اورکلفٹن پنجاب چورنگی میں قائم سہارہ مینٹل اسپتال کے ملازم ہیں۔لیاری تغلق لائن سے40سالہ شخص کی لاش ملی پولیس نے موقع پر پہنچ کرلاش کے پاس سے30بورپستول کے ایک درجن سے زائدخول تحویل میں لے لیے،پولیس کے مطابق مقتول کوملزمان نے موٹرسائیکل سے اتارکرفائرنگ کرکے ہلاک کرنے کے بعد فرار ہوگئے، مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔

نارتھ ناظم آبادقلندریہ چوک کے قریب سے30سالہ شخص کی لاش ملی جس کوایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہیداسپتال منتقل کیاگیا، مقتول کی جسم پر تشدد کا نشان تھے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزمان نے تشدد کرکے ہلاک کیا ہے۔ کورنگی سیکٹر 51/Cمیں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے25 سالہ سیما دختر طاہر زخمی ہوگئی ، شریف آباد کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے30 سالہ اشفاق احمدزخمی ہوگیا،سخی حسن چورنگی کے قریب پی ایس او پیٹرول پمپ کے قریب نامعلوم ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر25سالہ شنکر کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، اورنگی ٹاؤن 60 نمبر بس اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30سالہ حضرت بلال زخمی ہوگیا۔

کیماڑی گلشن سکندرآبادمیں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی زدمیں آکر25سالہ زاہداقبال زخمی ہوگیا۔سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی میں قائم ایزی لوڈ کی دکان پرموٹرسائیکل سوارملزمان نے دکان میں داخل ہوکر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں معین اور مٹھو شدیدزخمی ہوگئے،معین متحدہ قومی موومنٹ کا ہمدرد ہے اوریہ ہی ملزمان کو ٹارگٹ تھا۔علاوہ ازیں نیپئر کے علاقے میں نورانی مسجد کے قریب گھر کے باہر بیٹھے 25 سالہ جاوید ولد عزیز کو نامعلوم افراد نے اتوار کی شب تقریباً 11 بجے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

علاقہ ایس ایچ او مدد علی زرداری نے بتایا کہ مقتول کے بھائی نے کچھ عرصہ قبل ایک شخص کا قتل کیا تھا اور وہ اب جیل کاٹ رہا ہے، ابتدائی طور پر واقعہ اسی رنجش کا شاخسانہ ہوسکتا ہے تاہم مقتول کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ دریں اثنا شرافی گوٹھ کے علاقے فیوچر موڑ پر میڈیکل اسٹور پر 4 مسلح ملزمان نے دھاوا بول دیا اور لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس سے دکاندار اور راہگیروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 17 سالہ سجاد ، 22 سالہ بشیر ولد ناصر ، 20 سالہ نادر ولد اجمل ، 27 سالہ زین اللہ اور 30 سالہ کمال ولد اسلم شامل ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔