پی ٹی آئ اور عوامی تحریک کے رہنماؤں کیخلاف مقدمات کی تعداد 37 ہوگئی

افتخار چوہدری  پير 22 ستمبر 2014
عدالت نے تھوڑی دیر زیر حراست رکھنے کے بعد 150 سے زائد دیگر ملزمان سمیت رہا کر دیا تھا۔ فوٹو: فائل

عدالت نے تھوڑی دیر زیر حراست رکھنے کے بعد 150 سے زائد دیگر ملزمان سمیت رہا کر دیا تھا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: 14 اگست سے 21 ستمبر تک عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے قائدین اور سیکڑوں کارکنوں کیخلاف اب تک مجموعی طور پر 37 مقدمات درج کیے جاچکے ہیں۔

ان مقدمات میں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ، پاک سیکریٹریٹ، ایوان صدر، سپریم کورٹ، پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارتوں میں گھسنے اور توڑ پھوڑ کرنے، پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے، تھانہ سیکریٹریٹ پر دھاوا بولنے، زیر حراست ملزمان کو پولیس حراست سے چھڑوانے، کار سرکار میں مداخلت کرنے، ایس ایس پی سمیت پولیس پر تشدد، اغواء کر کے حبس بے جا میں رکھنے اور اسپیشل برانچ کے اے ایس آئی کو برہنہ کر کے تشدد کرنے سمیت املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات شامل ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق 3 مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی 7 دفعات لگائی گئی ہیں جبکہ ملزمان میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، شاہ محمود قریشی، عارف علوی، شیخ رشید، پرویز خٹک ، طاہر القادری، رحیق عباسی وغیرہ شامل ہیں، ان مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی کے اعظم سواتی اور عوامی تحریک کے عمر ریاض کے علاوہ کسی اور قائد کو گرفتار نہیں کیا گیا تھا، ان کو بھی عدالت نے تھوڑی دیر زیر حراست رکھنے کے بعد 150 سے زائد دیگر ملزمان سمیت رہا کر دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔