لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر آئی ایس آئی کے نئے سربراہ مقرر

ویب ڈیسک  پير 22 ستمبر 2014
لیفٹیننٹ جنرل رخوان اختر حال ہی ڈی جی رینجرز سندھ  کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے ہیں۔  فوٹو: فائل

لیفٹیننٹ جنرل رخوان اختر حال ہی ڈی جی رینجرز سندھ کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے ہیں۔ فوٹو: فائل

راولپنڈی: میجر جنرل رضوان اختر کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے تاہم وہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالاسلام کی ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کے 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدوں پر ترقی دے دی گئی ہے، جن افسران کو اگلے عہدوں پر ترقی دی گئی ہے ان میں میجر جنرل رضوان اختر، میجر جنرل ہلال حسین، میجر جنرل غیور محمود، میجر جنرل نذیر بٹ، میجر جنرل نوید مختار اور میجر جنرل ہدایت الرحمان شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو کور کمانڈر کراچی ، لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ آئی جی سی اینڈ آئی ٹی، لیفٹیننٹ جنرل ہلال حسین کور کمانڈر منگلا، لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان کور کمانڈر پشاور اور  لیفٹیننٹ جنرل غیور محمود کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران پاک فوج کے کئی لیفٹیننٹ جنرلز ریٹائر ہورہے ہیں جن میں آئی ایس آئی کے موجودہ سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام بھی شامل ہیں۔ آئی ایس آئی کے نئے سربراہ ڈی جی رینجرز سندھ  کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔