اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اور سیکریٹری داخلہ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

ویب ڈیسک  پير 22 ستمبر 2014
اسکول خالی نہ کرانے کے ذمہ دار آئی جی اسلام آباد ہیں،ڈی سی اسلام آباد،
فوٹو: فائل

اسکول خالی نہ کرانے کے ذمہ دار آئی جی اسلام آباد ہیں،ڈی سی اسلام آباد، فوٹو: فائل

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے اسکول پولیس سے خالی نہ کرانے پر آئی جی اسلام آباد اور سیکریٹری داخلہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد میں دفعہ 144 کےنفاذ کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس اطہر من اللہ نے کی جس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ اسکول خالی کرانے سے متعلق عدالتی حکم سے آئی جی اسلام آباد کو آگاہ کردیا تھا لیکن شہر میں ابھی تک پولیس والوں سے اسکول خالی نہیں کرائے جاسکے ہیں اور متعدد اسکولوں اور کالجوں میں ابھی بھی پولیس اہلکار رہائش پذیر ہیں جس کے ذمہ دار آئی جی اسلام آباد ہیں۔ عدالت نے اسکول خالی نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے معاملے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے،9 ستمبر کو ایک ہفتے میں اسکول اور کالج پولیس کو خالی کرانے کا حکم دیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود اسکول خالی نہیں کرائے جاسکے ہیں جس پر آئی جی اسلام آباد اور سیکریٹری داخلہ کو تعلیم کے ضیاع کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔

عدالت عالیہ نے اسکول خالی نہ کرانے پر سیکریٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو شوکاز نوٹس جاری  کرتے ہوئے بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا ہے جبکہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک سے بھی جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔