اسپیکرقومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مستعفیٰ ارکان کو استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کرلیا

ویب ڈیسک  پير 22 ستمبر 2014
تحریک انصاف کے استعفے منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ذرائع، 
فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے استعفے منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ذرائع، فوٹو: فائل

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مستعفی ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کرلیا ہے۔ اسپیکر کی جانب سے استعفوں کی تصدیق کے  لیے 6 ارکان کو خط لکھا گیا ہے جن میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عارف علوی، شیریں مزاری، منزہ علی اور محمد علی کو تصدیق کے لیے طلب کیا گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے بھی تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے تمام اراکین کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق اراکین کے استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعرات سے شروع ہوگا۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق آئندہ جمعرات کو تحریک انصاف کے نائب چیرمین شاہ محمود قریشی کو بلایا گیا ہے جس کے بعد ہر روز 3 ارکان کو استعفے کی تصدیق کے لیے بلایا جائے گا اور ہررکن حلقہ وارطلب کیا جائے گا جبکہ جن اراکین کے استعفے پارٹی چیرمین کے نام ہیں انہیں بھی تصدیق کے لیے بلایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مفاہمت کی امید میں استعفوں کی منظوری کو روک رکھا تھا تاہم اب تحریک انصاف کے استعفے منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جسے اس ہفتے مکمل کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے اراکین نے چیرمین عمران خان کی ہدایت پر استعفے دیئے تھے جنہیں وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے 26 اگست کو اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرایا تھا تاہم حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے باعث استعفوں کی منظوری کا عمل تعطل کا شکار تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔