’’دوسرے‘‘ اسپنر کا ایکشن بھی شکوک کی زد میں آگیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 23 ستمبر 2014
چیمپئنز لیگ میں شریک لاہورکے عدنان رسول کو رپورٹ کے بعد وارننگ مل گئی۔   فوٹو: فائل

چیمپئنز لیگ میں شریک لاہورکے عدنان رسول کو رپورٹ کے بعد وارننگ مل گئی۔ فوٹو: فائل

لاہور: ’’دوسرا‘‘  ماسٹرسعید اجمل کا متبادل سمجھے جانے والے دوسرے اسپنر کا ایکشن بھی شکوک کی زد میں آگیا، چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 میں شریک لاہور لائنز کے عدنان رسول کو رپورٹ کے بعد وارننگ مل گئی، دوسری بار پکڑے گئے تو ایونٹ کے کسی میچ میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ’’دوسرا‘‘ ماسٹرسعید اجمل پر پابندی لگی تو متبادل کے طور جن اسپنرز کے نام لیے گئے ان میں عدنان رسول اورعاطف مقبول شامل تھے،دیگر زیر غور بولرز لیگ بریک یا بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے تھے۔ پیر کو بھارت سے اطلاعات موصول ہوئیں کہ چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 میں لاہور لائنز کے کولکتہ نائٹ رائیڈرز سے میچ کے دوران عدنان رسول کا ایکشن بھی مشکوک قرار دیا گیا، انھیں وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

مہمان ٹیم کی مینجمنٹ کو بتایا گیا کہ فیلڈ امپائرز کماردھرما سینا، شمس الدین اور تھرڈ امپائر انیل چوہدری نے آف اسپنر کی رپورٹ کردی ہے،قوانین کے تحت انھیں فی الحال بولنگ جاری رکھنے کی اجازت ہوگی تاہم دوبارہ پکڑے جانے پر نہ صرف جاری ایونٹ کا کوئی میچ بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیر انتظام کسی مقابلے میں شرکت نہیں کرسکیں گے، ان کو صرف ٹیم کی طرف بیٹنگ کیلیے منتخب کیا جا سکتا ہے، دوبارہ بولنگ کرنے سے قبل انھیں  کلیئرنس حاصل کرنا پڑیگی۔

مزید بتایا گیاکہ چیمپئنز ٹوئنٹی 20 لیگ کی غیر قانونی بولنگ پالیسی کے مطابق عدنان رسول بی سی سی آئی کی اس مقصدکیلیے قائم کی گئی کمیٹی کو ایکشن کا باقائدہ جائزہ لینے کی درخواست بھی کرسکتے ہیں جس کا فی الحال کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ یاد رہے کے 33 سالہ آف اسپنر نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کیخلاف میچ میں 28 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔