محکمہ داخلہ سندھ نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا

ویب ڈیسک  منگل 23 ستمبر 2014
سڑکوں پر کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپس لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، محکمہ داخلہ سندھ فوٹو:فائل

سڑکوں پر کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپس لگانے کی اجازت نہیں ہوگی، محکمہ داخلہ سندھ فوٹو:فائل

کراچی: محکہ داخلہ سندھ نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے ضابطہ اخلاق مرتب کرلیا جس کے تحت زبردستی کھالیں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کا اہم اجلاس سیکریٹری داخلہ نیاز عباسی کی سربراہی میں ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے افسران نے شرکت کی، اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لیے ضابطہ اخلاق مرتب کیا گیا جس میں کھالیں جمع کرنے کے لیے کمشنر یا ڈپٹی کمشنر کی اجازت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری 12 نکاتی ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی تنظیم کمشنر یا ڈپٹی کمشنر کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع نہیں کرسکے گی، سڑکوں پر کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپس لگانے کی اجازت نہیں ہوگی اور کھالیں جمع کرنے کے لیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق کھالوں کی منتقلی کے لیے پولیس کو آگاہ کرنا ضروری ہوگا اور کوئی بھی زبردستی کھالیں لیتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی جبکہ عید کے 3 دنوں میں اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔