شام میں امریکی جنگی طیاروں کی فضائی کارروائی، 120 سے زائد جنگجو ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 23 ستمبر 2014
داعش کے خلاف امریکی فضائی کارروائی میں بحرین کے جیٹ طیاروں نے بھی حصہ لیا۔ فوٹو : فائل

داعش کے خلاف امریکی فضائی کارروائی میں بحرین کے جیٹ طیاروں نے بھی حصہ لیا۔ فوٹو : فائل

دمشق: شام میں سرگرم جنگجو تنظیم داعش کے خلاف پہلی امریکی فضائی کارروائی کے دوران داعش کے کم از کم 70  جنگجوؤں سمیت 120 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے جنگی طیاروں نے شام کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 70 سے زائد داعش جنگجو اور تقریبا 50 القاعدہ ارکان ہلاک ہوگئے، شام میں برطانوی انسانی حقوق کے معائنہ کاروں کے مطابق شمالی صوبے الیپو میں فضائی حملے میں 3 بچوں سمیت 8 عام شہری بھی ہلاک  جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے جس میں سے تقریباً 100 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسری جانب بحرین کا کہنا ہے کہ اس کے جیٹ طیاروں نے بھی داعش کے خلاف امریکی فضائی کارروائی میں حصہ لیا، وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بحرین کی ایئر فورس نے خلیج تعاون کونسل اور دیگر اتحادی ممالک کی فضائیہ کے ساتھ مل کر شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جبکہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور قیام امن کے لئے عالمی کوششوں کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عراق میں داعش کے خلاف امریکا کی جانب سے بھرپور فضائی کارروائی کے بعد اب شام کو ہدف بنایا گیا ہے جس میں اسے اتحادی ممالک کی حمایت بھی حاصل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔