ڈومیسٹک کرکٹ؛ مشکوک بولنگ ایکشنز کیخلاف ’’آپریشن‘‘ شروع

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 24 ستمبر 2014
صہیب مقصود سمیت 8 کھلاڑیوں کی گیندیں غیر قانونی،بورڈکورپورٹ بھجوا دی گئی۔    فوٹو: فائل

صہیب مقصود سمیت 8 کھلاڑیوں کی گیندیں غیر قانونی،بورڈکورپورٹ بھجوا دی گئی۔ فوٹو: فائل

لاہور: ڈومیسٹک کرکٹ میں مشکوک بولنگ ایکشنزکیخلاف ’’آپریشن‘‘ شروع ہوگیا، قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں صہیب مقصود سمیت 8 کھلاڑیوں کی گیندیں غیر قانونی ہونے پر پی سی بی کو رپورٹ بھجوا دی گئی۔

ان میں جنید ضیا، عثمان ملک،جہانزیب، نیئرعباس، ندیم جاوید، فراز احمد اور عطا اللہ کے نام بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سعید اجمل پر پابندی نے پی سی بی کو چوکنا کر دیا، ڈومیسٹک کرکٹ  میں مجموعی طور پر 35 مشکوک ایکشن کے بولرز کی موجودگی کا اعتراف خود چیئرمین شہریار خان بھی کرچکے ہیں،کراچی میں جاری قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں غیر قانونی گیندوں پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، گذشتہ روز ملتان ٹائیگرز کی طرف سے کھیلنے والے صہیب مقصود سمیت 8 بولرز کے ایکشن مشکوک قرار دیتے ہوئے رپورٹ پی سی بی کو ارسال کردی گئی۔

قومی ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود آف سپن بولنگ کرتے ہیں، فاٹا چیتاز کیخلاف انھوں نے 4 اوورز میں 38 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی، امپائرز کا خیال ہے کہ میچ کے دوران ان کا ایکشن قانونی نہیں تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ صہیب مقصود نے گزشتہ سال جنوبی افریقہ کیخلاف سنچورین ون ڈے  میں 2  اور رواں سال بنگلہ دیش سے میچ میں ڈھاکا  میں بھی ایک اوور کیا تھا لیکن کسی امپائر نے بھی بولنگ ایکشن پر اعتراض نہیں کیا۔دیگر جن 7 بولرز کی رپورٹ کی گئی ہے۔

ان میں لاہور لائنز کے جنید ضیا، لاہور ایگلز میں شامل عثمان ملک اور جہانزیب، سیالکوٹ اسٹالینز کی طرف سے کھیلنے والے نیئرعباس، ڈیرہ مراد جمالی آئی بیکسز کے ندیم جاوید، کراچی ڈولفنزکا حصہ فراز احمد اور بہاولپور اسٹیگز کے عطا اللہ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ نیئر عباس کا بولنگ ایکشن اس ٹورنامنٹ میں 2 بار رپورٹ ہو چکا ہے۔ ان 8 بولرز کے علاوہ انڈر 19، انٹرڈسٹرکٹ اور انٹرریجن ٹورنامنٹس میں بھی 29 کے بولنگ ایکشن پر اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ پیر کو بھارت میں چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 میں شریک لاہور لائنز کے بولر عدنان رسول کو بھی وارننگ دی گئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔