موبائل فون پر زورسے بات اور بے جا بحث نہ کی جائے، شالی کوریا حکومت کی عوام کو ہدایت

ویب ڈیسک  منگل 30 ستمبر 2014
شمالی کوریا میں موبائل صارفین کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے فوٹو: فائل

شمالی کوریا میں موبائل صارفین کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے فوٹو: فائل

پیانگ یانگ: شمالی کوریا کی حکومت نے ملک میں موبائل فون کے استعمال کے سلسلے میں اس کے صارفین کے لئے خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے اور عوام کو اس پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت بھی کئی گئی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ میں نشر اور شائع ہونے والی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون کے استعمال میں اضافے کے باعث لوگوں میں فون استعمال کے آداب پر عمل نہیں کیا جارہا۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون پر زور زور سے بات کرنا اور عوامی مقامات پر موبائل سے بات کرتے ہوئے بحث کرنا غیر مناسب رویہ ہے جس سے پرہیز کیا جانا چاہئے، اگرچہ موبائل پر کال کرنے والے کا نمبر بھی آتا ہے لیکن غیرضروری بات چیت سے پرہیز کے لئے لوگ لینڈ لائن فون پر بات کرنے کے آداب کی طرح موبائل فون کال پر بھی پہلے اپنا تعارف کروائیں۔ ایسا کرنے سے کال کے دوران مخاطب کا نام پوچھنے کے غیرضروری عمل سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ کال سننے والا شخص اگر کال کرنے والے کو پہلے اس کے نام سے مخاطب کرلے تو کال کرنے والے کو شناخت کے جھنجھٹ میں پڑنا ہی نہیں پڑے گا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا میں موبائل صارفین کی تعداد 20 لاکھ سے زائد ہے تاہم ان صارفین کو بیرونِ ملک فون کرنے کی اجازت نہیں ہے اور موبائل استعمال کرنے والے زیادہ تر افراد سماج کے امیر طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔