سندھ پولیس کیلئے بم پروف گاڑیوں کی خریداری شروع، 57کروڑ روپے جاری

راحیل سلمان  بدھ 1 اکتوبر 2014
50 بکتر بند گاڑیوں کو بم پروف بنایا جائے گا،مزید 77 کروڑ روپے کی سمری حکومت کو بھیج دی گئی
فوٹو: ایکسپریس

50 بکتر بند گاڑیوں کو بم پروف بنایا جائے گا،مزید 77 کروڑ روپے کی سمری حکومت کو بھیج دی گئی فوٹو: ایکسپریس

کراچی: شہر قائد میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری آپریشن میں مزید تیزی لانے اور پولیس کو جدید اسلحے اور آلات سے لیس کرنے کے لیے بم پروف گاڑیوں کی خریداری اور اپ گریڈیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔

اس سلسلے میں سندھ پولیس کو 57 کروڑ روپے جاری کردیے گئے جبکہ مزید 77 کروڑ روپے کی سمری حکومت کو بھیج دی گئی ہے، منصوبے کے تحت نئی گاڑیوں کی خریداری کے علاوہ بکتر بند گاڑیوں کو اپ گریڈ کرتے ہوئے انھیں بم پروف بنایا جائے گا، تفصیلات کے مطابق ملک کے معاشی حب کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف 13 ستمبر 2013 کو آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا جس کے بعد اب پولیس کی ضروریات کو محسوس کرتے ہوئے اسے جدید اسلحے اور آلات سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ اس سلسلے میں سندھ پولیس کے پاس پہلے سے موجود 50 بکتر بند گاڑیوں کو اپ گریڈ کرتے ہوئے انھیں بم پروف بنایا جائے گا جب کہ مزید 150 پک اپ گاڑیوں کو بھی افسران و اہلکاروں کی حفاظت کی غرض سے بلٹ پروف اور بم پروف بنایا جائے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں سندھ حکومت کو سمری بھیجی گئی تھی جوکہ منظور کرلی گئی ہے اور حکومت نے سندھ پولیس کو 57 کروڑ روپے جاری کردیے ہیں ، رقم کے اجرا کے بعد اب گاڑیوں کی اپ گریڈیشن کا مرحلہ شروع کردیا جائے گا ، ذرائع نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ سندھ پولیس کے لیے 100 بم پروف پک اپ گاڑیوں کی خریداری کا منصوبہ بھی جاری ہے ، اس سلسلے میں سندھ حکومت کو سمری ارسال کردی گئی ہے ، ذرائع نے کہا کہ مذکورہ پک اپ عالمی کمپنیوں سے خریدی جائیں گی ، اس ضمن میں عالمی ٹینڈر جاری کرنا ہوگا ، منصوبے پر 77 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، حکومت سے منصوبے کے لیے 77 کروڑ روپے جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے جوکہ سندھ پولیس کے مختص کردہ بجٹ سے علیحدہ ہے اور خصوصی گرانٹ کے طور پر جاری کی جائے گی تاہم فوری طور پر ابھی فنڈ جاری نہیں کیے گئے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔